اگر نوجوانوں کی صحیح رہنمائی کی جائے تو وہ ملک کی قسمت بدل سکتے ہیں : بلال مصطفوی

زندہ اور کامیاب اقوام مستقبل کے لیے عارضی اور دائمی دونوں طرح کی منصوبہ بندی کرتی ہیں : چودھری ظہیر عباس

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام یوتھ سیمینا ر بعنوان 'ہم نے گلشن کے تحفظ کی قسم کھائی ہے" سے خطاب کرتے ہوئے بلال مصطفوی مرکزی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ نے کہا کہ تحریک پاکستان میں نوجوانوں کا کردار کسی سے مخفی نہیں ہے۔ جس طرح نوجوانوں نے اس وقت بابائے قوم کا ساتھ دیا تھا۔ آج بھی اگر نوجوانوں کی صحیح رہنمائی کی جائے تو وہ ملک کی قسمت بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم فرض شناس اور سعادت مند قوم ہیں تو پاکستان کی نظریاتی اساس کو سمجھنا اور اپنی موجودہ اور آئنددہ نسلوں کو ان ذمہ داریوں سے آگاہ کرنا ہمارا اولین فرض ہے۔ پاکستان ایک نظریہ کا مرہون منت ہے وہ نظریہ ہے کہ ہم مسلمان ہیں۔ نظریاتی ریاستیں اپنے جہد عمل اپنی ہمہ وقت بیداری اور عمل و حرکت کے باعث زندہ رہتی ہیں۔ اپنی نظریاتی اساس کے بارے میں ان کا رویہ مدافعانہ نہیں ہوتا۔ وہ یا تو اپنے عمل و حرکت کی بدولت بڑھتی اور پھولتی ہیں یا اپنی بے راہ روی اور بے حسی کے باعث نابود ہو جاتی ہیں۔ آج نوجوان نسل کو یہ ذمہ داری نبھانی ہے۔ چودھری ظہیر عباس گجر مرکزی سیکرٹری جنرل منہاج القرآن یوتھ لیگ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج ملک میں غیر یقینی صورتحال ہے نوجوان نسل اس سے پریشان ہے۔ نشیب و فراز ہر قوم میں آتے ہیں لیکن زندہ قومیں ان سے سبق سیکھتی ہیں اور آئندہ کیلئے منصوبہ بندی کرتی ہیں۔ آج پاکستان کو دہشت گردی، معاشی بحران، بجلی، مہنگائی، بیروزگاری اور چینی کے بحرانوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظریاتی محاذ پر جن سنگین مسائل کا سامنا ہے، اس کی بنیادی وجہ ان کو حل کے لئے مخلصانہ اور حکیمانہ کاوش نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مسائل آج بھی حل ہوسکتے ہیں۔ آج پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لئے ایسے اقدامات اٹھائے جائیں جن سے ملک معاشی ترقی بھی کرسکے اور امن و امان کی صورتحال بھی بہتر ہو۔ آج اگر عارضی اور دائمی دونوں طرح کی منصوبہ بندی کی جائے تو پاکستان بہت جلد ترقی کی منازل طے کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان وطن عزیز کے استحکام اور ترقی کے لئے ہر قسم کی خدمت اور جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہیں۔ درست اور مثبت راہیں متعین کرنے کی ضرورت ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top