گیس کے نرخوں میں حالیہ اضافے نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا : فیض الرحمٰن درانی

گیس کے نرخوں میں اضافہ حکومت کی طرف سے نئے سال کا افسوس ناک تحفہ ہے
پاکستان معاشی جبکہ عوام توانائی کے بد ترین بحران کا نشانہ ہیں
پاکستان عوامی تحریک کے صدر فیض الرحمٰن درانی کی صوبہ سندھ سے آئے ہوئے وفد سے ملاقات میں گفتگو

پاکستان عوامی تحریک کے صدر فیض الرحمٰن درانی نے کہا کہ پاکستان بد ترین معاشی بحران کی لپیٹ میں ہے جبکہ عوام توانائی کے اذیت ناک بحران کا ڈائریکٹ نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ بے روز گاری، مہنگائی، دہشت گردی او ر عدم تحفظ کے شدید احساس نے پہلے ہی عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔ اس پرگیس (CNG) کے نرخوں میں حالیہ اضافے نے تو عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے صدر فیض الرحمٰن درانی گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک سندھ کے وفد سے ملاقات کے دوران موجودہ ملکی حالات پر گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے گیس کے نرخوں میں اضافہ کا حالیہ اعلان غریب عوام کے لیے حکومت کی طرف سے نئے سال کا افسوس ناک تحفہ ہے۔ پاکستان عوامی تحریک حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ مہنگائی، لوڈشیڈنگ سے پسی ہوئی اور دہشت گردی سے خوف و ہراس میں مبتلا قوم پر مزید ظلم و ستم نہ ڈھائے جائیں اور گیس کے نرخوں میں حالیہ اضافے کے فیصلے کو فوری واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت وطن عزیز مسائل کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے۔ فوجی اور عوامی حکومتوں نے آج تک معصوم عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے عوام کو سیاسی ضرورت کیلئے استعمال کیا ہے جو ایک المیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے حالیہ بحران کا حل نکالنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ اس سلسلے میں شارٹ اور لانگ ٹرم پلاننگ کر کے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ فیض الرحمٰن درانی نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ اور گیس کی لوڈشیڈنگ حکومت کی طرف سے عوام کے لیے نئے سال کا تحفہ ہے۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ گیس کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ اور قیمتوں میں اضافہ سے بیروزگاری بڑھتی جا رہی ہے۔ صنعتیں بند ہو رہی ہیں اور گھریلو زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوگرا گیس (CNG) کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لے۔ مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے بھی فوری فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔ عوام کو اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دی جائے۔ معاشی بحران پر قابو پانے کیلئے ملک میں امن قائم کیا جائے تاکہ بیرونی سرمایہ کا ر ملک میں سرمایہ کاری کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہ کریں۔ فیض الرحمٰن درانی نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ عوام کی معاشی حالت، بوجھ اور دکھوں کو کم کرنے کے لیے فوری لائحہ عمل تیار کرئے اور سختی سے عملی اقدامات اٹھائیں جائیں تاکہ عوام کو بنیادی ضروریات زندگی میسر آ سکیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top