سیاست دانوں کو عوام کی نہیں اپنے اقتدار کی فکر ہے، بڑھتی ہوئی مہنگائی نے جینے کا حق چھین لیا : ارشاد طاہر

حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے دن بدن مہنگائی میں اضافہ کر رہی ہے : حفیظ اللہ جاوید
سینکڑوں مظاہرین نے مہنگائی، لوڈشیڈنگ اورگیس کی عدم دستیابی کے خلاف مذمتی کتبے اٹھا رکھے تھے
احتجاجی مظاہرے سے مقررین کاخطاب

تحریک منہاج القرآن کا بجلی، گیس کے نرخوں میں حالیہ اضافہ اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف گزشتہ روز پریس کلب لاہور کے سامنے پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرہ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی جنہوں نے دہشت گردی، مہنگائی، بجلی اور گیس کے نرخوں کے خلاف مذمتی کتبے اُٹھا رکھے تھے۔ احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر محمد ارشاد طاہر نے کہا کہ غربت کو نہیں غریبوں کو ختم کیا جا رہا ہے حکومت کی فلاح و بہبود کی پالیسیاں ناکام ہو رہی ہیں۔ سیاست دانوں کو عوام کی نہیں اپنے اقتدار کی فکر ہے عوام پر بڑھتی ہوئی مہنگائی کا بوجھ جینے کا حق چھینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی بنیادی ضروریات زندگی کی اشیاء حاصل کرنے میں مشکلات کا شکار ہیں اوپر سے حکومت نے بجلی اور گیس کے نرخوں میں اضافہ کر دیا ہے جس سے عوام میں مایوسی اور بے یقینی بری طرح بڑھ رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام کی بنیادی ضروریات روٹی، کپڑا، مکان، تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی کے حق کا نعرہ لگایا جا رہا ہے مگر عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے انڈسٹریز تباہ ہو رہی ہیں، بے روز گاری بڑھ رہی ہے، کاروبار تباہ ہو رہے ہیں، CNG گیس اور چینی حاصل کرنے کیلئے لمبی لمبی لائنیں لگی ہوئی ہیں ایسے لگتا ہے جیسے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے کوئی نظام اور قانون موجود ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کر تے ہیں کہ گیس اور بجلی کے حالیہ نرخوں میں اضافہ واپس لیا جائے اور روز مرہ ضروریات زندگی کی اشیاء کی قیمتوں میں مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کا محاسبہ کیا جائے اور سختی سے اس پر عمل درآمد کروایا جائے ورنہ عوام کے غم و غصہ میں اضافہ روکنا مشکل ہو جائے گا۔ پرامن احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ناظم لاہور تحریک منہاج القرآن حفیظ اللہ جاوید نے کہا کہ عوام دہشت گردی کی حالیہ لہر سے پہلے ہی خوف و ہراس کی کیفیات سے گزر رہے ہیں حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے دن بدن مہنگائی میں اضافہ کر رہی ہے جس سے عوام پریشانیوں کی دلدل میں پھنسی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دان اپنی نورا کشتی چھوڑ کر عوام کے مسائل کو حل کرنے کی طرف توجہ دیں عوام کے مسائل کاحل سیاست دانوں کی اولین ترجیح ہونی چاہیئے۔ پاکستان عوامی تحریک لاہورکے جنرل سیکریٹری حافظ غلام فرید نے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ظلم یہ ہے کہ عوامی حکومت ہی عوام کا معاشی قتل کر رہی ہے عوام سیاستدانوں کی کار کردگی سے مایو س ہو رہے ہیں حکومت کی داخلی اور خارجی پالیسیاں بری طرح ناکام ہوتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ملکی انتخابات کو دولت کی ریل پیل سے پاک نہیں کیا جاتا اچھی، صالح اور ایماندار قیادت کا فقدان رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی اور گیس کی مہنگائی کے بم عوام پر نہ گرائے بلکہ اپنے غیر ضروری اخراجات کو کم کر کے عوام کی بنیادی ضروریات زندگی میں سبسٹڈی دے۔ احتجاجی مظاہرہ سے ممتاز صدیقی، عثمان گجر، رمضان نیازی اور ڈاکٹر شبیر احمد نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top