منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو کے زیراہتمام داتاگنج بخش کا عرس مبارک

منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو ناروے کے زیراہتمام حضرت داتا گنج بخش علی بن عثمان ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کا عرس مبارک اور گوشہ درود کی مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مشترکہ پروگرام 6 فروری 2010ء کو منہاج القرآن اسلامک سنٹر اوسلو میں ہوا۔ پروگرام کے معزز مہمانوں میں پیر سید جعفر شاہ، مفتی محمد زبیر تبسم، پروفیسر عطاء المصطفیٰ، علامہ قاری محمود الحسن گولڑوی نائب امام مرکزی جماعت اہلسنت ناروے، قاری اشرف سیالوی ورلڈ اسلامک مشن ناروے، علامہ نجیب الرحمٰن ناز نائب امام ورلڈ اسلامک مشن ناروے، حضرت علامہ بلال حسین شاہ امام و خطیب غوثیہ مسلم سوسائٹی، حافظ شیراز مدنی امام جماعت اہلسنت ناروے، قاری خالد محمود آف موس، علامہ قاری اسرار احمد امام و خطیب فیورسٹ مسلم سنٹر اوسلو اور علامہ نور احمد نور امیر تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل درامن شامل تھے۔

پروگرام میں ہر مکتبہ فکر کے لوگوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ اوسلو سے مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اوسلو شہر سے مسلم فیورسٹ سنٹر کے صدر راجہ عبدالمجید، غوثیہ مسلم سوسائٹی کے صدر صوفی جلال الدین، کشمیر کمیٹی کے صدر مختار چودھری اور معروف قلم نگار سید سبطین شاہ بھی موجود تھے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز قاری محمود الحسن گولڑوی کی تلاوت سے ہوا۔ جس کے بعد راجہ جہانزیب مٹھو آف کوٹلی نے اپنے مخصوص انداز میں نعت مبارکہ اور عارفانہ کلام پیش کیا۔ چودھری ثاقب نے آقا علیہ السلام کی بارگاہ اقدس میں نذرانہ عقیدت پیش کیا جبکہ محمد قاسم نے منقبت پیش کی۔

مجاہد اہلسنت، شعلہ بیان مقرر اور ناروے کے معروف مذہبی سکالر علامہ مفتی زبیر تبسم نے خطاب کیا۔ انہوں نے ’’صوفیائے کرام کے مقام و مرتبہ‘‘ کو تعلیمات اسلام کی روشنی میں بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اولیائے کرام نے ہمیشہ پیار، محبت اور امن کا درس دیا ہے۔ اسلام اولیاء کے اس پیغام کو آج دنیا بھر میں پھیلا رہا ہے۔ اس کے برعکس آج دنیا بھر میں مسلمانوں پر دہشت گردی کے الزام لگائے جا رہے ہیں حالانکہ اسلام کا اس سے دور دور کا تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ خوف اور دہشتگردی پھیلا رہے ہیں، وہ سب اولیاء کرام کو نہیں مانتے۔ آپ تاریخ اسلام کا مطالعہ کر لیں آپ کو پوری اسلامی تاریخ میں یہ بات نہیں ملے گی کہ کسی ولی اللہ نے دہشت گردی کی تعلیم دی ہو۔ اولیاء کرام تو سراپا محبت ہوتے ہیں جو دنیا میں ہمیشہ حسن اخلاق اور ایک دوسرے کو ادب و احترم اور قیام امن کا درس دیتے ہیں۔ اس حوالے سے انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے صلحاء کی سنگت کا ذکر کرتے ہوئے پیر کرم شاہ رحمۃ اللہ علیہ، پیر سید امین الحسنات اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے درمیان محبت کے تعلق پر بھی روشنی ڈالی۔

پروگرام کی نقابت کے فرائض حافظ صداقت علی قادری نے محبت بھرے انداز میں انجام دیئے۔ پروگرام کے آخر میں قاری اسرار احمد منہاجین نے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درود و سلام پیش کیا گیا۔ جس کے بعد پیر سید جعفر شاہ نے خصوصی دعا کرائی۔ پروگرام کے بعد تمام شرکاء اور معزز مہمانوں کی لنگر سے بھر پور تواضع کی گئی۔

رپورٹ: عقیل قادر (اوسلو)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top