تحریک منہاج القرآن (فیصل آباد) صوبائی حلقہ 69 کے زیراہتمام ورکرز کنونشن

فیصل آباد ( ) پٹرول کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ، عدم تحفظ، مہنگائی، لوڈ شیڈنگ، بے روزگاری، ناانصافی اور بے یقینی کے آکٹوپس نے عوام کو موجودہ کرپٹ سیاسی نظام کی صورت میں جکڑ رکھا ہے۔ الیکشن کی طرف بڑھنے والی مذہبی سیاسی جماعتیں تبدیلی کی بات تو کر رہی ہیں مگر موجودہ انتخابی نظام غیر جمہوری اجزاء سے بنا ہوا ہے اس میں ملک کے 2 فیصد مقتدر خاندانوں اور طاقتور طبقات کو ہی نمائندگی کا حق حاصل ہوسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ رانا محمد ادریس نے صوبائی حلقہ 69 میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی ناظم انجینئر محمد رفیق نجم، میاں امجد قادری، حاجی محمد عباس، محمد ارشد لودھی، جعفرحسین قادری، امجد سہیل بٹ، محمد الیاس ملک، محمد یعقوب قادری، ڈاکٹر عامر شہزاد، ڈاکٹر فیض رسول، حاجی منور حسین، شبیر حسین وٹو، حبیب رحمانی، حاجی منور حسین اور احسن قادری بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں جاری سیاسی محاز آرائی کا عروج کی طرف جانا اس بات کا اشارہ ہے کہ مقتدر طبقات نے الیکشن کے نام پر عوام کو ذبح کرنے کا اختیار حاصل کرنے کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ 10 سے 20 کروڑ ایک حلقے پر ایک امیدوار خرچ کرے گا، عوام کو لالچ، دھونس، غنڈہ گردی، برادری ازم کے ڈنڈے سے ہانک کر بیلٹ باکس بھرے جائیں گے اور ’’جمہوریت‘‘ کا خوبصورت پراسس مکمل ہو کر ’’عوام کی حکومت‘‘ تشکیل پاجائے گی۔ عوام اصل دشمن کو پہچانیں وگرنہ اسمبلی میں پارٹیوں کی پوزیشن کا تناسب ہی تھوڑا بہت بدلے گا اور ملک حقیقی تبدیلی سے بہت دور چلا جائے گا۔ عوام تحریک منہاج القرآن کی بیداری شعور مہم میں شامل ہو کر نظام انتخاب کو بدلنے کی فیصلہ کن جدوجہد میں شامل ہو جائیں تو حقیقی تبدیلی ان کا مقدر بن جائے گی۔

تبصرہ

Top