چک جھمرہ (فیصل آباد): تحریک منہاج القرآن کا ورکرز کنونشن

مورخہ: 07 جون 2015ء

(7 جون 2015ء) تحریک منہاج القرآن چک جھمرہ، فیصل آباد کے زیراہتمام ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی ناظم اعلیٰ تنظیمات شیخ زاہد فیاض نے خصوصی شرکت کی۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ حکمران صرف احتجاج کی زبان سمجھتے ہیں، شہدائے انقلاب کو انصاف دلوانے کیلئے قانون اور عوام کی عدالت میں جنگ لڑیں گے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن ریاستی دہشت گردی، قتل و غارت گری اور حکومتی تشدد و بربریت کی بدترین مثال ہے۔ پنجاب حکومت کی یکطرفہ جے آئی ٹی کی رپورٹ نے انصاف کا قتلِ عام کیا۔ قائدِانقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری 16 جون کو ہونے والے احتجاج میں آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ انقلاب کا سفر جاری ہے، انقلاب کا یہ قافلہ خوشحالی اور نظام کی تبدیلی کی منزل تک پہنچ کر ہی دم لے گا۔

ورکرز کنونشن سے پاکستان عوامی یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہرعلوی، تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے ضلعی ناظم میاں کاشف محمود، میاں ریحان مقبول، راناطاہرسلیم، ڈاکٹر خلیل احمد، محمد ارسلان قادری، اسداللہٰ خان، محمد امجد بل، ناظم علی چیمہ اور حاجی ساجد علی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے کارکنوں کا کسی بھی مرحلہ پر ساتھ نہیں چھوڑا، جس طرح کارکنوں نے انصاف کے نظام کیلئے قربانیاں دیں اسی طرح قیادت نے بھی شانہ بشانہ قربانیاں دیں۔ کارکن اپنے دلوں سے حکومتی دہشت گردی کا خوف نکال کر ایک بار پھر میدان عمل میں اتر آئیں۔ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کیلئے بھرپور تیاریاں کی جائیں اور موثر انداز میں عوامی رابطہ مہم چلائی جائے۔

تبصرہ

Top