فیصل آباد: یوتھ لیگ کے یوم تاسیس کے سلسلہ میں فیصل آباد میں یوتھ سیمینار

’’ فکر قائد اور نسل نو‘‘

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے یوم تاسیس کے سلسلہ میں جاری ہفتہ تقریبات کے سلسلہ میں 3 دسمبر 2006ء کو منہاج القرآن یوتھ لیگ فیصل آباد کے تحت "فکر قائد اور نسل نو" کے عنوان کے تحت یوتھ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کا ٹیلیفونک خطاب ہوا۔

فیصل آباد کی تنظیم کی جانب سے TMA ھال میں پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ مرکز کی جانب سے ناظم یوتھ ساجد محمود بھٹی کی قیادت میں ایک مرکزی وفد نے پروگرام میں شرکت کی۔

مرکزی وفد کے پنڈال میں پہنچنے پر بھر پور استقبال کیا گیا۔ کارکنوں کے ڈھول کی تھاپ پر استقبالیہ اور تحریکی نعروں سے پورا پنڈال گونج اٹھا۔ مرکزی وفد کا پھولوں کے ہاروں اور پتیوں سے استقبال کیا گیا۔ تمام مہمانوں کے سٹیج پر پہنچنے پر کاروائی کا باضابطہ آغاز ہوا۔

تلاوت اور نعت کے بعد صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ فیصل آباد قاری فاروق انصاری نے استقبالیہ کلمات ادا کیے اور تمام مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور سب کو خوش آمدید کہا پروگرام میں کمپئرنگ کے فرائض فیاض احمد نے ادا کیے۔

محترم محمد شعیب مغل (مرکزی نائب صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ اور پروگرام کے کو آرڈینیٹر ) نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر دور میں نوجوانوں کا کردار ہمیشہ مثالی رہا ہے۔

حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جب نبوت کا اعلان کیا اور دعوت حق دی تو اس دعوت پر سب سے پہلے ایک نوجوان حضرت علی علیہ السلام نے یہ دعوت قبول کی اور دائرہ اسلام میں داخل ہوئے۔

اشتیاق احمد چوہدری (مرکزی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ) نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کے بنائے ہوئے پاکستان میں نوجوانوں نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا اور پیغام پاکستان گلی گلی پہنچایا۔ اب اسی کردار کو زندہ کرتے ہوئے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نوجوان استحکام پاکستان میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

ڈاکٹر اسد معظم (ایم پی اے) نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری امت کے درد میں ڈوبے رہتے ہیں۔ ان کا علمی و فلاحی کام انکی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے پاکستان کے اندر سیاست بھی کی تو ایک مثالی سیاست کی ہے۔ سیاست مفاد کا کھیل ہے مگر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے جب محسوس کیا کہ اسمبلی میں بیٹھنا وقت کا ضیاع ہے اور اس اسمبلی سے قوم کو کوئی فائدہ نہیں ہونے والا تو وہ قومی اسمبلی کی ممبر شپ سے مستعفی ہو گئے۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے ممبران انتہائی خوش قسمت ہیں کہ ڈاکٹر طاہرالقادری جیسی ہستی ان کی قیادت کر رہی ہے۔

میاں ممتاز احمد قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے لاکھوں نوجوانوں کی زندگیاں بدل دی ہیں۔ ان کی آنکھوں میں گنبد خضریٰ کا نقشہ گھومتا ہے اور اب دنیا کا کوئی بھی حسن ان کو نہیں بھاتا۔ اگر والدین آج اپنے بچوں کی تربیت کے لیے فکر مند ہیں تو وہ اپنے بچوں کو منہاج القرآن یوتھ لیگ کا ممبر بنائیں۔

نائب صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چوہدری ظہیر عباس گجر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ مصطفوی انقلاب کا ہراول دستہ ہے۔ تحریک کا خون ہے، جوش ہے، ولولہ ہے۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کا ہر نوجوان ظلم و استحصال کے خاتمہ اور انسانی فلاح کے لیے مصروف عمل ہے۔ نظریہ پاکستان کے تحفظ کے لیے مصروف عمل منہاج القرآن یوتھ لیگ ہر محاذ پر پاکستان دشمن قوتوں سے نبرد آزما ہے اور ملک دشمن قوتوں کے عزائم کی تکمیل نہیں ہونے دے گیا۔

مشتاق علی چیمہ (وفاقی وزیر برائے ٹیکسٹائل) نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج مادیت پرستی کا دور انسان کو روحانیت سے بہت دور لے گیا ہے۔ ہمارے پاس ذاتی اصلاح اور اچھی محافل میں بیٹھنے کا وقت نہیں ہے۔ آج اکثر علماء کرام نے نوجوانوں کو مایوس کیا ہے یا پھر قتل وغارت گری کے بازار میں شہادتوں کے سرٹیفیکیٹ تقسیم کر رہے ہیں۔ نوجوانوں میں تنگ نظر ی اور تفرقہ بازی کے بیج بوئے جا رہے ہیں۔ مگر آج منہاج القرآن یوتھ لیگ کے اس پروگرام میں آکر مجھے خوشی ہوئی ہے کہ نہیں! ابھی بہت سے لوگ باقی ہیں جو اسلام کی حقیقی روح نوجوانوں میں اتار رہے ہیں اور ڈاکٹر طاہرالقادری واحد شخصیت ہیں جو نوجوانوں کی پسندیدہ اور ہردلعزیز شخصیت ہیں۔ میری ذاتی خواہش ہے کہ منہاج القرآن کا کوئی بھی پروگرام ہو مجھے ضرور بلایا کریں تا کہ اس بہانے ہی کچھ وقت آپ کی اچھی صحبت میں گزار سکوں۔ آخر پر میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے اٹھارہویں یوم تاسیس پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ساجد محمود بھٹی (ڈائر یکٹر یوتھ افئیرز تحریک منہاج القرآن) نے خطاب کرتے ہوئے سب سے پہلے منہاج القرآ ن یوتھ لیگ فیصل آباد، تحریک منہاج القرآن فیصل آباد، شعیب مغل اور افتخار بیگ کو مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ قائد اعظم جس اسلامی فلاحی مملکت کے لیے دن رات جدوجہد کرتے رہے ہیں۔ وہ پاکستان ابھی معرض وجود میں آنا باقی ہے۔ آج کا نوجوان قائد اعظم کی فکر سے ناآشناء ہوتا جا رہا ہے۔ نیا نصاب تعلیم، قومی سوچ اور نظریہ پاکستان سے عاری ہے۔ قیام پاکستان کے حقیقی تقاضوں اور نظریہ کے فروغ و عمل کے لیے ایک منظم تحریک چلانے کی ضرورت تھی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نوجوانوں کو اس بے راہ روی سے نکال کر اسلامی جمہوریہ پاکستان کا حقیقی تصور دیا اور منہا ج القرآن یوتھ لیگ کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں کو کشاکشا مرکز اسلام کی طرف بلا رہے ہیں اور نوجوان انکی دعوت پر لبیک کہتے ہوئے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں اسلامی افکار اور پاکستان کی شناخت و حقیقت فکر سے آگاہی کے لیے گزشتہ اٹھارہ سال سے مصروف عمل ہیں۔

صاحبزادہ حسین محی الدین قادری (ممبر سپریم کونسل) نے اپنے ٹیلیفونک خطاب میں فیصل آباد کی تنظیم کو مبارکباد پیش کی۔ آپ نے فرمایا کہ قائد اعظم رحمۃ اللہ نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کی۔ پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الااللہ محمد رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے نعرے، مسلم اکثر یتی علا قوں میں مسلمانوں کی نمائندگی، دوقومی نظریہ اور اسی کی بنیاد پر پاکستان کی تشکیل قائد اعظم کی فکر کی عکاسی کرتی ہے۔ ان لوگوں نے قائداعظم (رح) کو نہ تو پڑھا ہے اور نہ سمجھا ہے جو یہ بات کرتے ہیں کہ قائد اعظم پاکستان کو اسلامی نہیں بلکہ سیکولر ملک بنانا چاہتے تھے۔

قائد اعظم (رح) کی اسلامی فکر کی عکاسی کرتے ہوے پاکستان کا پہلا دستور اور پھر 1973ء کا آئین بنا جس میں قانون سازی کی اساس قرآن وحدیث اور سیرتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو قرار دیا گیا۔

کسی بھی معاشرے کی نئی نسل اس وقت تک اپنے مقصد کو نہیں پاسکتی ہے جب تک اس کے عقائد درست نہ ہوں عقائد کی درستگی روح عشقِ سول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں پنہاں ہے۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کی دعوت پر آج لاکھوں نوجوان بدعقیدگی کی زندگی چھوڑ کر صحیح العقیدہ بن گئے ہیں۔ شیخ الاسلام نے پوری دنیا میں یہ بات ثابت کر دی کہ اسلامی نظام نفاذ کے قابل ہے۔ جس معاشرے پر اسلامی قوانین کا نفاذ ہو گا وہ دنیا کے سامنے ایک کامیاب معاشرے کی شکل اختیار کر جائے گا۔ اور یہ بات اسلامی تاریخ کے روشن ماضی سے ثابت ہے۔

مسلمان سینکڑوں برس پوری دنیا پر حکومت کرتے رہے اسکی وجہ فقط عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دولت ہے یہ جب تک دلوں میں زند ہ رہی مسلمان غالب رہے۔

آج اگر ایسا ایک بار پھر اسی عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روح اپنے سینوں میں زندہ کر لیں تو امتِ مسلمہ پوری دنیا پر غالب آسکتی ہے اور پھر دنیا کی کوئی طاقت مسلمانوں کو شکست نہیں دے سکتی۔ نوجوان وہ طاقت ہے جو کسی بھی قوم کے عروج کا باعث بنی ہے۔ نوجوان آج اگر اپنے اندر انقلاب پیدا کر لیں تو ان شاء اللہ پوری دنیا میں انقلاب پیدا ہو سکتا ہے۔

اس کے بعد فیصل آباد کے معروف قوال قاری محمد نوید چشتی اور ہمنوا اور ساتھیوں نے محفل سماع میں اپنے کلام پیش کیے، اس موقع پر ایک رقعت آمیز سماں تھا۔ تمام نوجوان جھوم جھوم کر سماعت کر رہے تھے۔ اختتام پر انہوں نے حضور شیخ الاسلام کے اوصاف پر مبنی اپنا کلام پیش کیا۔ تمام ہال اس کلام پر جھوم اٹھا۔

اس موقع پر معروف کامیڈین طارق محمود جیکسن نے اپنے مزاحیہ فن کا مظاہرہ کیا اور شرکاء کو محظوظ کیا۔ اختتام پر میاں کاشف محمود ناظم یوتھ فیصل آباد نے مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور تمام کارکنوں کو مبارکباد پیش کی۔

اس پروگرام میں مرکز سے شاہد لطیف قادری، منصور بلال، بلال مصطفوی، افتخار بیگ، ذیشان بیگ اور مقامی سطح پر رانا زاہد توصیف، محترم رفیق نجم، حاجی امین القادری، حاجی عنائت قادری، میاں عبدالقادر، رانا نثار شہزاد، رانا طاہر سلیم اور دیگر معززین نے خصوصی شرکت کی۔ دعا کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہو۔

اس سے متعلقہ اخباری تراشے ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

Top