فیصل آباد: تحریک منہاج القرآن کے فورمز کا ورکرزکنونشن

تحریک منہاج القرآن فیصل آباد اور اس کے جملہ فورمز کا ورکرزکنونشن 23 نومبر 2016 کو منعقد ہوا جس کی صدارت تحریک منہاج القرآن کے مرکزی نائب ناظمِ اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم نے کی۔ کنونشن میں تحریک منہاج القرآن فیصل آباد، پاکستان عوامی تحریک، منہاج القرآن یوتھ لیگ، منہاج القرآن ویمن لیگ، منہاج القرآن علماء کونسل، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے عہدیداران اور کارکنان شریک تھے۔

کنونشن کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید اور نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا کہ عوام کی بدبختی ہے کہ ایٹمی ملک پاکستان کی باگ دوڑ پاکستان کے تاریخ کے کرپٹ ترین حکمرانوں کے ہاتھ میں ہے۔ سپریم کورٹ کے فلور پر شریف خاندان کی کرپشن کے سارے ثبوت جمع ہیں حکمران خاندان جس انداز سے اپنا مقدمہ لڑرہا ہے وہ انتہائی شرمناک ہے۔ پاناما لیکس کا کیس بھینس چوری کا کیس بن چکا۔ چور سیدھی طرح نہیں مانے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان قصاص تحریک کے دوسرے راؤنڈ کی تیاری شروع کردیں جس کا اعلان ہونے والا ہے۔ پانامہ لیکس اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے حوالے سے حکمرانوں کو جواب دیناپڑے گا، عوامی جدوجہد رائیگاں نہیں جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کو اڑھائی سال ہونے والے ہیں۔جب احتساب کے عمل اور فیصلوں میں اتنی تاخیر ہوگی تو عوام کا اداروں سے اعتماد اٹھ جائے گا۔ اب تک جسٹس باقرنجفی کی رپورٹ کا شائع نہ ہونا اورسانحہ ماڈل ٹاؤن کے مقدمے کے آگے نہ بڑھنے سے عوام میں مایوسی پھیل چکی ہے۔انہوں نے کہاکہ قصاص تحریک کا دوسرا راؤنڈ جب شروع ہو گا تو پھر انصاف کے حصول تک جاری رہے گا۔ انصاف کیلئے عدالتوں سے پورا تعاون کر رہے ہیں۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا انصاف کے حصول کیلئے منصفوں کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

کنونشن سے بابر چوہدری، میاں عبدالقادر، رانا طاہر سلیم، رانا ربنواز انجم، میاں کاشف محمود، اللہ رکھا نعیم، علامہ عزیزالحسن اعوان، میاں ریحان مقبول، غلام محمدقادری، راناغضنفرعلی، رانا نثار شہزاد، شاہد سلیم، زین العابدین، روبینہ خاکی اور قمرالنساء خاکی نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

Top