فیصل آباد: تحریک منہاج القرآن پی پی 66 کا استقبال ربیع الاول جلوس
تحریک منہاج القرآن فیصل آباد پی پی66 کے زیراہتمام 3 دسمبر 2016ء کو نگہبان پورہ میں استقبال ربیع الاول کا جلوس نکالا گیا، جس سے علماء کونسل کے ضلعی امیرعلامہ عزیزالحسن اعوان اور علامہ ریاض احمد کھرل نے خطاب کیا۔ جلوس میں حاجی نصیراحمد، عبدالرشیداعوان، میاں اشرف قادری، اکرام الحق طاہر، ڈاکٹرخالدمحمود، علامہ لال محمود، سیدتحسین شاہ، چوہدری مظہرحسین، میاں وحیداکرم، ضیاء اللہ قادری، میاں نویداکرم، غلام محمدقادری، ملک سرفرازقادری، باؤ افتخار احمد سمیت سینکڑوں کارکنان و عوامی حلقوں نے شرکت کی۔
ربیع الاول کا استقبالی جلوس منہاج اکیڈمی نگہبان پورہ سے شروع ہو کر منصورہ آباد، جھمرہ روڈ اور روضہ پارک سے ہوتے ہوئے صوبائی آفس نگہبان پورہ پر اختتام پذیر ہوا۔ اس میں شریک بچوں نے سفید عربی لباس زیب تن کئے تھے۔ شرکاء جلوس نے اسم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم والے کتبے اور برقی مشعلیں اٹھا رکھی تھیں۔ شرکائے جلوس تمام راستے درود پاک کا ورد کرتے رہے اور معروف ثناء خوان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم گلہائے عقیدت بھی پیش کرتے رہے۔ شرکاء جلوس پر جھمرہ روڈ کے تاجروں نے گل پاشی کی اور شرکاء میں جوس بھی بانٹے۔ لوگوں نے جگہ جگہ شرکائے جلوس کا پرتپاک استقبال کیا۔
مقررین نے کہا کہ ربیع الاول کا مقدس مہینہ اس مقدس ہستی کی ولادت با سعادت کا مہینہ ہے جس نے بلا تمیز رنگ و نسل مخلو ق خدا سے پیار کرنے کا حکم دیا۔ جس کی تعلیمات ہیں کہ ایک بے گناہ انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔ جس نے امن، محبت اخوت اور پیار کی تعلیمات کو عام کیا۔ انہوں نے کہاکہ اس مقدس مہینے کے صدقے اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ پاکستان کو بدعنوان قیادت اور ظلم کرنے والے نظام سے اسلامیان پاکستان اور اس میں بسنے والی تمام اقلیتوں کونجات دلوائے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے ورثاء سمیت ہر مظلوم کوانصاف ملے۔ جلوس کا باقاعدہ اختتام دعائے خیر سے ہوا۔
تبصرہ