فیصل آباد: منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 25 جوڑوں کی شادیوں کی اجتماعی تقریب

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فیصل آباد کے زیراہتمام 26 نومبر 2017ء کو 25 جوڑوں کی شادیوں کی اجتماعی پُروقار تقریب منہاج القرآن اسلامک سنٹر گلفشاں کالونی کے مقابل وسیع گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نوازگنڈاپور تھے، جبکہ تحریک منہاج القرآن کے ضلعی امیر سید ہدایت رسول قادری نے تقریب کی صدارت کی۔ سٹیج پر صاجنرادہ حامد رضا چیئرمین سنی اتحادکونسل، رانا رب نواز انجم، میاں کاشف محمود، رانا طاہر سلیم خاں، شیخ اعجاز احمد، حاجی محمدامین القادری، علامہ عزیزالحسن اعوان، حاجی محمد سلیم قادری، حاجی محمد اشرف قادری، ملک سرفراز قادری، میاں عبدالقادر، عمیر حنیف، منیر شہباز، اسد رشید، غلام محمد قادری، قاری محمد فاروق کے علاوہ دیگر ممتاز سیاسی، مذہبی، سوشل ویلفیئر اور سماجی بہبود کے نمائندے موجود تھے۔

تقریبِ سعید کا آغاز علی الصبح ہوا جبکہ باراتوں کی آمد کا سلسلہ دوپہر 1 بجے تک جاری رہا، ڈھول اور فوجی بینڈ سے ان کا استقبال کیا گیا۔ پنڈال کو رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ شادی انسان کی زندگی میں انقلابی تبدیلی لے کرآتی ہے۔ تحریک منہاج القرآن انسانیت کی خدمت کو عبادت سمجھ کر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی مذہبی، تعلیمی اور فلاحی خدمات قابلِ تقلید ہیں۔ بانی تحریک امن و سلامتی کے حقیقی سفیر ہیں انہوں نے نفرتوں کو محبتوں سے بدلنے کا جو مشن شروع کیا ہے وہ پوری دنیا میں انہیں ممتاز کرتا ہے۔ تقریب سے پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدرچوہدری بشارت جسپال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر فرد دوسروں کو خوشیاں بانٹنے کا عظیم کام ضرور کرے کیونکہ غربت، جہالت اور پسماندگی کا خاتمہ کرنا سُنتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بےسہارہ اور یتیم بچوں کے منصوبے آغوش سمیت دیگر فلاحی اور تعلیمی منصوبوں کو دوسروں کے لئے مثال بنا دیا ہے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملکی حالات ایسے ہو گئے ہیں کہ عوام خوشیوں کو ترس گئے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کا یہ طرہ امتیاز ہے کہ اس نے معاشرے میں باہمی اخوت اورمحبت کے جذبے کو اجاگر کیا اور آج ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیر قیادت دنیا بھر میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت کر رہی ہے۔

اجتماعی شادیوں کی تقریب میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے ہر نوبیاہتے جوڑے کو جہیز میں الماری، ڈبل بیڈ، کرسیاں، میز، پیٹی، اٹیچی کیس، سلائی مشین ، واشنگ مشین، پنکھا، استری، کلاک، سٹیل برتن، ڈنر سیٹ، پلاسٹک برتن، رضائی ڈبل بیڈ، تکیے، کھیس، دریاں، واٹر سیٹ، ٹی کپ، میک اپ سامان و دیگر ضروریات زندگی کا سامان، دلہن کو زیور اور دلہا کوگھڑی کا تحفہ دیاگیا۔ تقریب میں 2000 مہمانوں کو پرتکلف کھانا دیاگیا۔ پر وقار تقریب کے اختتام پر قرآن پاک کے سائے میں 25 دلہنوں کی رخصتی کی گئی۔

رپورٹ: غلام محمد قادری (ضلعی سیکرٹری اطلاعات تحریک منہاج القرآن)

تقریب کے شرکاء

نوبیاہتا جوڑے

جہیز

تبصرہ

Top