احتساب عدالت کا فیصلہ قانون کی بالادستی اور سیاسی مافیا کی شکست ہے: ہدایت رسول قادری
تحریک منہاج القرآن کے ضلعی صدرسید ہدایت رسول قادری نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار طاقتور اشرافیہ کے خلاف فیصلہ آیا ہے ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ احتساب عدالت کا فیصلہ قانون کی بالادستی اور سیاسی مافیا کی شکست ہے۔ انہوں نے پی پی حلقہ جات کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اللہ رکھا نعیم، رانا رب نواز انجم، رانا طاہر سلیم، میاں کاشف محمود، غضنفر علی، حافظ محمودالحسن، غلام محمد قادری اور میاں امجد قادری بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ احتساب عدالت کا فیصلہ بارش کا پہلا قطرہ ہے، ابھی تو ان پر اولے بھی برسیں گے اور موسلا دھار بارش بھی ہوگی، فیصلہ کرپشن کے خاتمے کی طرف ایک بڑی پیشرفت ہے، اس کا دائرہ ہر اس کرپٹ تک بڑھنا چاہیے جس نے پاکستان کی دولت کو لوٹاہے، انصاف اور احتساب کے اداروں نے ایک بڑا کام کردیا، اب یہ سلسلہ رکنا نہیں چاہیے۔ پاکستان کی تعمیر نو اور عوامی مسائل کے حل کا یہ اللہ نے موقع فراہم کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ملک اور قومیں لائحہ عمل، یقین اور عمل سے آگے بڑھتی ہیں اور یہ موقع آگیا ہے، انہوں نے کہا کہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جامع اصلاحات کا آغاز بھی کیا جائے اور اس سسٹم سے جان چھڑوائی جائے جو نواز شریف جیسے قاتل اور کرپٹ پیدا کرتا ہے اور فرد واحد اداروں کو یرغمال بنانے کی قوت حاصل کرتا ہے، جب تک یہ نظام رہے گا تو سیاسی فائدے کیلئے کرپشن، قتل و غارت گری، جھوٹ، سازش کا انفیکشن بھی رہے گا۔
انہوں نے کہاکہ عدالتی فیصلے سے ثابت ہوگیا کہ ایک دوفرد نہیں بلکہ پورا خاندان ہی کرپٹ ہے۔ اب عوام کو بھی اپنے شعور کی آنکھیں کھولنی ہونگی۔ پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد اب قوم کی نظریں ماڈل ٹاؤن کیس پر لگی ہوئی ہیں جس میں ان قاتل برادران کو پھانسی کی سزا ہوگی۔ قوم شدت سے ماڈل ٹاؤن کیس کے فیصلے کی منتظر ہے۔ عوام انتخابات میں پانامہ کے چور، ماڈل ٹاؤن کے قاتل اور ختم نبوت کے غداروں کو مسترد کردیں۔
تبصرہ