معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم امت مسلمہ کیلئے ایک عظیم انعام ہے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین القادری

مورخہ: 06 جون 2013ء

حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سفر معراج کے ذریعے قیامت تک کیلئے کائنات کو علم و سائنس کے راستے دکھا دئیے
انسانیت پھر سے رفعت اور عروج چاہتی ہے تو علم نافع ہی واحد راستہ ہے

انسانی علم کی صدیوں کی ترقی کے بعد آج سائنس جس بلندی پر ہے وہ بلا شبہ علم کی معراج ہے۔ لیکن انسان اس معراج پر پہنچ کر بھی نظام شمسی کے ایک سیارے کو پار نہیں کر سکا۔ اُس انسان کامل صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظمتوں کا اندازہ کیسے لگایا جا سکتا ہے جو رات کے چند لمحوں میں مکان و لا مکان کی وسعتوں کو پار کر کے او ادنیٰ کے مقام قرب کی منزلیں طے کر گیا۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سفر معراج علم اور سائنس کی بھی معراج ہے۔ آپ کا سفر ایک ایسا معجزہ ہے جس کو سمجھنے سے انسانی عقل آجز ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کی سپریم کو نسل کے صدر ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ’’معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر فیڈرل کونسل ڈاکٹر حسین محی الدین القادری، مرکزی امیر فیض الرحمان درانی، رحیق احمد عباسی، جی ایم ملک، جواد حامد ساجد بھٹی اور قاضی فیض الاسلام بھی موجود تھے۔

معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس میں ہزاروں کی تعداد میں عشاقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ شب معراج آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تمام انبیاء علیہ السلام کی امامت کا شرف حاصل ہوااورسب پردے فاش ہوے۔ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم امت مسلمہ کیلئے ایک عظیم انعام ہے۔ شب معراج انسانی تاریخ کا انتہائی بابرکت سفر تھا۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سفر معراج کے ذریعے قیامت تک کیلئے کائنات کو علم و سائنس کے راستے دکھا دئیے مگر بدقسمتی ہے کہ اس کریم آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت سب سے زیادہ جہالت میں گھری ہوئی ہے۔ اسلام کا دامن علم کی ہر ہر جہت سے مالا مال ہے مگر آج مسلمانوں کا دامن علم کے نور سے خالی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سفر معراج سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ اگرآج انسانیت پھر سے رفعت اور عروج چاہتی ہے تو علم نافع ہی واحد راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ اور خصوصاً ملک پاکستان بد امنی، دہشت گردی، قتل و غارت گری اور لوڈ شیڈنگ کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے یہ سارے مسائل دین سے دوری، جہالت اور گمراہی کے سبب ہیں۔

تبصرہ

Top