اب حتمی دھرنا دینگے، انقلاب کے لیے جان جاتی ہے تو حاضر ہوں، ڈاکٹر طاہرالقادری کا ARY News پر ڈاکٹر دانش کو انٹرویو

پاکستان کی عوام پر مسلط 200 خاندانوں کی فلاح ہے، پچھلے پانچ ماہ میں 751 ارب روپے کے نوٹ چھاپے گئے ہیں جو کہ پونے چھ ارب یومیہ بنتے ہیں
نوجوانوں کی فلاح کے لیے قوم کو انقلابی عمل میں میرا ساتھ دینا ہو گا حکمرانوں نے الیکشن میں بدترین دھاندلی کی ہوئی ہے
ملک میں کرپشن، مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے، پارلیمنٹ کو بائی پاس کر کے راتوں رات فیصلے مسلط کر دیے جاتے ہیں

ملک میں کرپشن، مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے، پارلیمنٹ کو بائی پاس کر کے راتوں رات فیصلے مسلط کر دیے جاتے ہیں، حکومت نے اڑھائی کروڑ کی سرمایہ کار پر چھان بین نہ کرنے کی پالیسی کو پارلیمنٹ میں لائے بغیر 50 ارب میں تبدیل کر کے ملک میں کرپشن سے اکٹھی کی گئی کمائی کو جائز قرار دیے جانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ پچھلے چھ ماہ میں حکومت نے روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں پچاس فیصد سے زائد اضافہ کیا گیا ہے، بجلی 16 روپے فی یونٹ کر دی گئی ہے، اشیاء ضروریہ کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں، حکومت کا ایجنڈا صرف کرپشن اور پاکستان کے عوام پر مسلط 200 خاندانوں کی فلاح ہے۔ پچھلے پانچ ماہ میں سٹیٹ بنک آف پاکستان نے 131 دنوں میں 751 ارب روپے کے نئے نوٹ چھاپے ہیں جو کہ پونے چھ ارب یومیہ بنتے ہیں اور 239 ملین روپے فی گھنٹہ، جس کی اس قوم کو خبر نہیں ہے۔ افراط زر کا طوفان آ گیا ہے، پچھلے چھ ماہ میں افراط زر 5.9 فیصد سے بڑھ کر 10.9 فیصد ہو گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے ARY News کے پروگرام "سوال یہ ہے" میں میزبان ڈاکٹر دانش کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔

انہوں نے قوم کو کرپشن، ظلم، بربریت اور اجارہ داری کے خلاف اٹھ کھڑا ہونے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اداروں کی مضبوطی اور نوجوانوں کی فلاح کے لیے قوم کو انقلاب کے لیے میرا ساتھ دینا ہو گا۔ حکمرانوں نے الیکشن میں بدترین دھاندلی کی ہوئی ہے، چیئرمین نادرا نے جب الیکشن میں ان کی دھاندلیوں کو بے نقاب کرنا شروع کیا تو حکومت نے رات 2 بجے چیئرمین نادرا کو ہٹا کر ثبوت مٹانے کی کوشش کی۔

وزیراعظم پاکستان نے پچھلے چھ ماہ میں 11 غیر ملکی دورے کیے ہیں جس میں تھائی لینڈ کے دورے میں انہوں نے وزیراعظم تھائی لینڈ کی وزیراعظم ینگء لک شینا وترا سے جوائنٹ کاروباری ایجنڈے کو حتمی شکل دی ہے کوئی عوامی فلاح کا ایجنڈا نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے اور حکمران اپنی کرپشن میں لگے ہوئے ہیں، سوموٹو ایکشن اور انقلابات والے کہیں نظر نہیں آتے سب نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے اس ظلم و بربریت اور کرپشن کے خاتمے کے لیے انقلاب کی ضرورت ہے اور اگر اس انقلاب میں میری جان جاتی ہے تو بھی حاضر ہوں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ قوم کو سوچنا ہو گا کہ مزید کتنا انتظار چاہتی ہے جب پورا ملک لٹ جائے گا، جب لوگ غریب جل کے راکھ ہو جائیں گے، عزتیں لٹ لٹ کر پوری قوم کو بے غیرت بنا دیا جائے گا اور یہ قوم پہلے بنی اسرائیل کی قوم کی طرح بے حس کر دی گئی ہے، اٹھنے کو تیار نہیں، دائیں بائیں لوگ مر جائیں تو کسی کی آنکھ میں آنسو نہیں آتا، جنازے اٹھیں تو لوگ حیرت سے دیکھتے ہیں مگر کسی کے آنسو نہیں گرتے، اور زلزلے میں مرے ہوئے لوگوں کی عورتوں کے ہاتھوں سے زیور اتار لیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انقلاب کا دن آنے والا ہے پولیس والو خدا کے لیے وردیاں اتار دینا ان پھولوں کو اتار کے پھینک دینا اور انقلاب میں ساتھی بن جانا، ملازمو اٹھ کھڑے ہونا، جوان بیٹو اٹھ کھڑے ہونا، میری قوم کی بیٹیو اٹھ کھڑے ہونا، ماوں، بہنو، غریبو، تاجرو، مزدورو، کسانو اٹھنا اور صحافی بھائیو اٹھنا، یہ ہمارا مشترکہ فریضہ ہے ہم نے قائد اعظم کا دیا ہوا پاکستان بچانا ہے، ہم نے لاکھوں قربانیوں کے نتیجے میں لیا ہوا ملک بچانا ہے، ہم نے لا الہ الا للہ محمد رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وسلم) کے نام پر لیے ہوئے ملک کو بچانا ہے، قوم کی غیرت کو بچانا ہے، اس ملک کو عدل و انصاف دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر جانتا ہوں ڈاکٹرز، انجینئرز، کئی کئی سال سے دھکے کھا رہے ہیں انہیں دو ٹکے کی ملازمت نہیں مل رہی۔ وہ غریبوں کے بچے جنہیں والدین نے زیور، برتن بیچ بیچ کو پڑھایا تھا ملازمت کے لیے جہاں جاتے ہیں ملینز کے حساب سے رشوت مانگی جاتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اس ملک کو تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ریاست مدینہ کے تابع ایک اسلامی، فلاحی، جمہوری، پرامن طاقتور ملک بنانے کے لیے اور اس قوم کی عزت کو بحال کرنے کے لیے، اس قوم کی جان و مال کی حفاظت کے لیے، اس قوم کے مستقبل کو روشن کرنے کے لیے اور پاکستان کو عظیم تر پاکستان بنانے کے لیے اگر دوران انقلاب یہ لوگ میری جان بھی لے لیتے ہیں تو میں چوم رہا ہوں، میری شہادت قبول ہو گی، ہم جنگ لڑیں گے انقلاب کی، ہم پرامن ہوں گے، کسی شخص کو میرے انقلاب میں اسلحہ اٹھانے کی اجازت نہیں ہو گی، ایک غلیل لے کر نہیں آئے گا، ایک چڑیا کو نہیں مارا جائے گا، ایک پتہ نہیں توڑا جائے گا، ہمارے سینے ہونگے اگر یہ گولیاں چلا کر مجھے مارنا چاہتے ہیں تو جنگ صبح انقلاب یا صبح شہادت تک جاری رہے گی، یا انقلاب کامیاب کرا کے اقتدار عوام کے ہاتھوں میں دوں گا یا لوگ میرا جنازہ کندھوں پر اٹھا کر لے آئیں گے، مجھے موت کا ڈر نہیں ہے، مرنے کا ڈر اس کو ہو جس نے لوٹ مار کی ہو زندگی میں، حرام خوری کی ہو، بدکاری کی ہو، مجھے اگر یہ مار دیں گے تو میری اگلی زندگی اللہ رب العزت شاید اس زندگی سے سکھ والی کر دے مگر میرا خون اس قوم کا خون بچانے کے کام آ گیا تو گھاٹے کا نہیں نفع کا سودا ہے۔

ڈاکٹر قادری نے کہا کہ میں جان دے دوں گا مگر کسی کے سامنے جھکنے والا آدمی نہیں ہوں، جو خدا کے سامنے جھکتا اور مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سامنے غلامی کرتا ہے وہ کسی کے سامنے نہ جھکتا ہے، نہ ڈرتا ہے، نہ بکتا ہے۔ میں پھر یہ کہنا چاہتا ہوں قوم اٹھے، اٹھارہ کروڑ لوگ گھروں سے نکلیں، انقلاب تنہا میری اور میری جماعت اور کارکنوں کی کوششوں سے نہیں بلکہ پوری قوم کی کوششوں سے آئے گا، تاریخ میں انقلاب کبھی ایک جماعت کے کارکنوں سے نہیں آئے، انقلاب قومیں لاتی ہیں، انقلاب عوام لاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگو! گھر میں جل جل کر، کڑھ کڑھ کر مر جانے کی بجائے باہر نکلو، اور اگر کوئی تمہاری جان لیتا ہے تو لینے دو، پر امن رہو، پر امن رہو اور پرامن انقلاب کے ذریعے اس ملک کی تقدیر بدل کے ایک نئی تاریخ رقم کر دو، اگلی نسلیں تو سنور جائیں گی۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف جنرل راشد محمود کو نیا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس ملک کی افواج جیسی دنیا بھر میں افواج نہیں، یعنی پروفیشنلی، committed ،ideologically، ساونڈ، ملٹری فورس اس کرہء ارضی پر ٹاپ کی افواج میں سے افواج پاکستان ہے، خواہ اس میں آرمی ہے، خواہ ایئرفورس ہے، خواہ نیوی ہے۔

تبصرہ

Top