آئینی اور جمہوری انقلاب چند ہفتوں میں آنے والا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری

تحفظ پاکستان بل سے سیاسی مخالفین سے انتقام لیا جائے گا، مسترد کرتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری
سانحہ ماڈل ٹاؤن شہباز شریف کی فرعونیت اور تکبر کی بڑی مثال ہے۔ چوہدری پرویز الہیٰ
دھاندلی زدہ حکومت حق حکمرانی کھو چکی ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس
شہداء کے قصاص میں پہلی پھانسی نواز دوسری شہباز اور پھر رانا ثناء اللہ کو دی جائے گی۔ صاحبزادہ حامد رضا

اللہ اور عوام کی طاقت سے آئینی اور جمہوری انقلاب چند ہفتوں میں آنے والا ہے چند روز میں انقلاب کی تاریخ اور طریقہ کار کا اعلان کرونگا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکار رائے ونڈ کی بجائے ریاست، آئین اور قانون کے وفادار بنیں۔ تحفظ پاکستان بل سے سیاسی مخالفین سے انتقام لیا جائے گا۔ دھاندلی زدہ حکومت آئینی، اخلاقی، جمہوری اور شرعی طور پر حق حکمرانی کھو چکی ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن شہباز شریف کی فرعونیت اور تکبر کی بڑی مثال ہے۔ شہداء کے قصاص میں پہلی پھانسی نواز، دوسری شہباز اور پھر رانا ثناء اللہ کو دی جائے گی۔ پاکستان کے چار ہزار خاندانوں نے 18 کروڑ عوام کو غلام بنا رکھا ہے۔ گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری، مسلم لیگ ق کے چوہدری پرویز الہیٰ، مجلس وحدت مسلمین کے علامہ راجہ ناصر عباس اور سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے افسران اور اہلکار سن لیں۔ آئینی اور جمہوری انقلاب چند ہفتوں میں آنے والا ہے جس میں آئین پاکستان کی پہلی 40 شقوں کے نفاذ سے عوام کو بنیادی حقوق دئیے جائیں گے اور بے رحم احتساب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب کے بعد انتظامی امور سنبھالنے کیلئے صوبائی، ڈویثرن، ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح تک عوامی انقلابی کونسلیں تشکیل دی جا رہی ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے سول سروسز گروپس کے افسران اور اہلکار وں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں کے غیر قانونی اور ناجائز احکامات ماننے سے انکار کر دیں کیونکہ انکو تنخواہیں ریاست پاکستان سے دی جاتی ہیں نہ کہ رائے ونڈ سے۔ اس لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ملازمین ریاست، آئین اور قانون کے وفادار بنیں اور کرپٹ، عوام اور آئین دشمن بدمست حکمرانوں کی تابعداری چھوڑ دیں۔ چند ہفتوں کی بات ہے نواز اور شہباز شریف کو اس دھرتی میں سر چھپانے کیلئے جگہ نہیں ملے گی۔ تحفظ پاکستان بل کو سیاسی دہشت گردی کے بل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ا س کے تحت سیاسی مخالفین سے انتقام لیا جائے گا۔ تھانہ شاہدرہ سے عوامی تحریک کے کارکن خاندان جنکا ایک بیٹاسانحہ ماڈل ٹاؤن میں شدید زخمی ہوا تھا انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ چند روز قبل رات ایک بجے پولیس نے ان کے گھر میں سیڑھی کی مدد سے داخل ہو کر مرد و خواتین پر دہشت گردی کا مقدمہ بنانے پر ہراساں کرتے ہوئے تھانے لے گئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پولیس اپنا رویہ بدل لے ورنہ بہت جلد انقلاب کے بعد کرپٹ حکمرانوں کے ساتھ عوام انکو بھی نشان عبرت بناتے ہوئے سڑکوں پر گھسیٹیں گے اور انکی جگہ لاکھوں پڑھے لکھے افراد تھانوں کا کنٹرول سنبھال لیں گے جس سے بے روزگاری کا خاتمہ بھی ہو گا۔

چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے پر امن کارکنوں پر سیدھی گولیاں چلا کر حکمرانوں نے خون کی ہولی کھیلی جو انکی فرعونیت اور تکبر کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے دس نکات پر اتفاق کرتے ہوئے انقلاب کیلئے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کا وعدہ کیا۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ شہداء کے وارث ہیں عوام پاکستان کو قاتل حکمرانوں سے نجات دلانی ہے اور اس کیلئے انکی جماعت عوامی انقلاب میں ہراول دستہ ثابت ہو گی۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ضرب عضب کے دو حصے ہیں پہلے حصے میں افواج پاکستان دہشت گردوں اور دوسرے حصے میں عوامی انقلاب کے ذریعے دہشت گردوں کے سیاسی ونگ حکمران ٹولے کا خاتمہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب رانا ثناء اللہ سے استعفیٰ لیا گیا ہے تو دوسری جانب ڈی جی پی آرکے ذریعے فیصل آباد میں ایک سرکاری ہسپتال کے افتتاح کیلئے رانا ثناء اللہ کے پیغامات بھیجے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا قصاص لیا جائے گا جس کے تحت پہلی پھانسی نواز شریف، دوسری شہباز شریف اور پھر رانا ثناء اللہ کو تخت دار پر لٹکایا جائے گا۔ پریس کانفرنس میں ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت میں سب سے کم عمر 19 سالہ میاں ساجد نے پاکستان عوامی تحریک میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چار ہزار خاندانوں نے 18کروڑ عوام کے حقوق پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے انہیں عوامی تحریک کے مرکزی نائب صدر کی ذمہ داری دی ہے۔

تبصرہ

Top