دھرنا انقلابی جدوجہد کا ایک باب تھا، پوری کتاب باقی ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 03 مئی 2015ء

جعلی سیاسی قیادت نے 20 کروڑ عوام اور جمہوری نظام کو یرغمال بنا رکھا ہے
ماڈل ٹاؤن میں گولیاں برسانے والی پولیس کا ابھی تک ایک کانسٹیبل بھی گرفتار نہیں ہوا
سربراہ عوامی تحریک کا فیڈرل کونسل کے اجلاس سے خطاب، اجلاس 14 گھنٹے جاری رہا

لاہور (4 مئی 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ دھرنا ہماری انقلابی جدوجہد کا فقط ایک باب تھا ابھی پوری کتاب باقی ہے۔ سیاسی قیادت نے لوٹ مار کی کمائی کے بل بوتے پر 20 کروڑ عوام اور جمہوری نظام کو یرغمال بنارکھا ہے۔ یہ کیسی جمہوریت اور انصاف کا نظام ہے کہ ماڈل ٹاؤن میں عوامی تحریک کے پرامن کارکنوں جن میں خواتین بھی شامل تھیں پر ایک ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار کئی گھنٹے سیدھی فائرنگ کرتے رہے 14 شہید اور 90 کو شدید زخمی کر دیا اور تاحال ایک کانسٹیبل بھی گرفتار نہیں ہو سکا؟۔ وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کے اجلاس سے ٹورنٹو کینیڈا سے ویڈیو لنک پر براہ راست خطاب کر رہے تھے۔ فیڈرل کونسل کے اجلاس میں سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے 700 سے زائد ممبر ز نے شرکت کی۔

فیڈرل کونسل کا اجلاس 14گھنٹے مسلسل جاری رہا اور سربراہ عوامی تحریک نے بلدیاتی انتخابات، ملک بھر میں عوامی تحریک کی تنظیم نو، آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور تجاویز لیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پڑھی لکھی با شعور اور پر عزم یوتھ صرف اور صرف عوامی تحریک کے پاس ہے اس یوتھ نے دھرنے میں جعلی نظام کے خلاف عملی جدوجہد کر کے ثابت کر دیا کہ عوامی تحریک کے یہی نوجوان پاکستان میں تبدیلی لائیں گے اور 20 کروڑ عوام کو انکے آئینی حقوق دلوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کرپٹ اور جعلی لیڈروں کے لیے سیاسی انتخابی میدان خالی نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے ملک بھر کی تنظیموں کو ہدایت کی کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن، بلدیاتی انتخابات اور تنظیم سازی پر توجہ دیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ عیار اور مکار حکمرانوں کی کوئی مکاری انہیں سزا سے نہیں بچا سکے گی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے ہمارا آج بھی وہی موقف ہے جو 17 جون 2014 کی شام کو تھا، انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ اپنے کارکنوں پر جنہوں نے لوٹ مار کی دولت کے پہاڑ رکھنے والے حکمرانوں کی ہر پیشکش اور دباؤ کو مسترد کر دیا۔ حکومت ہمارے کسی کارکن کو خرید سکی اور نہ ان کے حوصلے توڑ سکی۔ یہ عظیم کارکن صرف پاکستان عوامی تحریک کے پاس ہی ہیں یہی کارکن پاکستان کو ظالم اور قاتل حکمرانوں سے نجات دلوائیں گے اور پاکستان میں حقیقی جمہوریت لائیں گے۔

پاکستان عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کا اجلاس، ملک بھر سے تحصیلی اور ضلعی ذمہ داران کی شرکت۔

Posted by Pakistan Awami Tehreek (PAT) on Sunday, May 3, 2015

تبصرہ

Top