تمام قافلے شہر اعتکاف کی جانب

تحریک منہاج القرآن کے شہر اعتکاف تزکیہء نفس، فہم دین، اصلاح احوال، توبہ اور آنسوؤں کی بستی میں ہر سال ہزاروں فرزندان اسلام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ساتھ اعتکاف بیٹھتے ہیں۔ آج مورخہ 21 ستمبر 2008ء (20 رمضان المبارک) کو عشاقان کے تمام قافلے شہر اعتکاف پہنچیں گے۔

رضائے الٰہی اور نسبت رسالت کے حصول کے لئے دنیا بھر سے ہزاروں معتکف 20 رمضان المبارک کی شام جامع المنہاج میں مسنون اعتکاف بیٹھیں گے۔ تحریک منہاج القرآن نے معتکفین کے لئے وسیع پیمانے پر انتظامات کیے ہیں۔ مرکزی اعتکاف گاہ کو جامع المنہاج کے علاوہ متصلہ گراؤنڈ تک پھیلا دیا گیا ہے اور اقامت گاہ کو مختلف بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

ہر عمر کے افراد اور خاص طور پر معمر افراد کے لیے الگ سے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور سربراہ اعتکاف شیخ زاہد فیاض نے اعتکاف گاہ کے تمام انتظامات کا حتمی جائزہ لینے کے بعد انتظامی کمیٹیوں کو باقاعدہ چارج دے دیا ہے۔

دس روزہ مسنون اعتکاف کے دوران دیگر معمولات کے علاوہ دنیا بھر سے ہزاروں معتکفین شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خصوصی ایمان افروز خطابات سنیں گے۔ اس کے علاوہ ستائیسیویں شب کا عالمی روحانی اجتماع ہو گا جسے ٹی وی کے ذریعے براہ راست پیش کیا جائے گا۔

تبصرہ

Top