علامہ اقبالؒ نے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کرنے پر محنت کی: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
حکیم الامت کی تعلیمات مسلمانوں کے فکری و روحانی احیا پر مبنی ہیں
تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ حکیم الامت علامہ محمد اقبالؒ نے اپنے فلسفہ خودی کے ذریعے امت مسلمہ کو پیغام دیا کہ خودی خودمختاری اور ہر نوع کی غلامی کو مسترد کر دینے کا نام ہے، آپ کے افکار نے برصغیر کے مسلمانوں کے دل و دماغ میں غلامی کو ترک کر دینے اور آزادی کے حصول کی جوت جگائی۔ آپ کا منظوم کلام اور فکر انگیز تحریریں روحانی احیا پر مبنی ہیں۔ آپ نے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کرنے پر محنت کی اور خود اعتمادی کا درس دیا۔
انہوں نے کہا کہ اقبالؒ چاہتے تھے کہ مسلمان اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر اپنی کھوئی ہوئی عظمت دوبارہ حاصل کریں۔ بلاشبہ شان رفتہ کی بحالی حضور نبی اکرم ﷺ کے ساتھ بے ریا عشق و وفا نبھانے میں ہے۔ نوجوان آپ کا بطور خاص مخاطب تھے آپ آرزو مند تھے کہ نوجوان شاہین کی طرح بلند پرواز ہو اس بلند پروازی سے مراد شعور و آگاہی اور اخلاق و کردار کی پختگی ہے۔
اقبالؒ نے امت مسلمہ کو اتحاد و اخوت کا پیغام دیا اتحاد و یکجہتی کا یہ خواب قرآن و سنت کے سنہری اصولوں پر عمل کرنے سے شرمندہ تعبیر ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ حکیم الامت ایک عظیم شاعر، فلسفی، عاشق رسول ﷺ اور امت مسلمہ کے حقیقی ہمدرد و غمگسار تھے۔
تبصرہ