تحریک منہاج القرآن لاہور کا مہنگائی، بجلی اور گیس کے بلوں میں اضافے کے خلاف مظاہرہ

تحریک منہاج القرآن لاہور نے بجلی، گیس کے نرخوں میں حالیہ اضافہ اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف 9 جنوری 2010ء کو پریس کلب لاہور کے سامنے پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا۔ یہ مظاہرے سہ پہر 3 بجے شروع ہوا۔ پرامن مظاہرے کی قیادت تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر محمد ارشاد طاہر نے کی جبکہ تحریک منہاج القرآن لاہور کے قائدین و کارکنان کے علاوہ مہنگائی سے ستائےسینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے دہشت گردی، مہنگائی، بجلی اور گیس کے نرخوں کے خلاف مذمتی کتبے اُٹھا رکھے تھے۔

تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر محمد ارشاد طاہر نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بجلی اور گیس کی قلت بڑھتی جا رہی ہے لیکن اس کے باوجود اس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لگتا ہے جیسے حکومت ملک سےغربت ختم کرنے کی بجائے غریبوں کو ختم کرنے کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے حکومتی پالیسیاں ناکام ہو رہی ہیں۔ دوسری جانب سیاست دانوں کو عوام کی نہیں اپنے اقتدار کی فکر ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام پر بڑھتی ہوئی مہنگائی کا بوجھ جینے کا حق چھینے کے مترادف ہے۔ عوام پہلے ہی بنیادی ضروریات زندگی کی اشیاء حاصل کرنے میں مشکلات کا شکار ہیں اوپر سے حکومت نے بجلی اور گیس کے نرخوں میں اضافہ کر دیا ہے جس سے عوام میں مایوسی اور بے یقینی بری طرح بڑھ رہی ہے۔ اس لیے حکومت فوری طور پر قیمتوں میں اضافہ واپس لے۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام کی بنیادی ضروریات روٹی، کپڑا، مکان، تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی کے حق کا نعرہ لگایا جا رہا ہے مگر عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے انڈسٹریز تباہ ہو رہی ہیں، بے روز گاری بڑھ رہی ہے، کاروبار تباہ ہو رہے ہیں، CNG گیس اور چینی حاصل کرنے کیلئے لمبی لمبی لائنیں لگی ہوئی ہیں ایسے لگتا ہے جیسے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے کوئی نظام اور قانون موجود ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لے کر روز مرہ ضروریات زندگی کی اشیاء کی قیمتوں میں مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کا بھی محاسبہ کیا جائے۔ ورنہ عوام کے غم و غصہ میں اضافہ روکنا مشکل ہو جائے گا۔

تحریک منہاج القرآن لاہور کے ناظم حفیظ اللہ جاوید نے کہا کہ عوام دہشت گردی کی حالیہ لہر سے پہلے ہی خوف و ہراس کی کیفیات سے گزر رہے ہیں حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے دن بدن مہنگائی میں اضافہ کر رہی ہے جس سے عوام پریشانیوں کی دلدل میں پھنسی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دان اپنی نورا کشتی چھوڑ کر عوام کے مسائل کو حل کرنے کی طرف توجہ دیں عوام کے مسائل کاحل سیاست دانوں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

پاکستان عوامی تحریک لاہورکے جنرل سیکریٹری حافظ غلام فرید نے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ظلم یہ ہے کہ عوامی حکومت ہی عوام کا معاشی قتل کر رہی ہے عوام سیاستدانوں کی کار کردگی سے مایو س ہو رہے ہیں حکومت کی داخلی اور خارجی پالیسیاں بری طرح ناکام ہوتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ملکی انتخابات کو دولت کی ریل پیل سے پاک نہیں کیا جاتا، اس وقت تک اچھی، صالح اور ایماندار قیادت سامنے نہیں آ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی اور گیس کی مہنگائی کے بم عوام پر نہ گرائے بلکہ اپنے غیر ضروری اخراجات کو کم کر کے عوام کی بنیادی ضروریات زندگی میں سبسٹڈی دے۔ احتجاجی مظاہرہ سے ممتاز صدیقی، عثمان گجر، رمضان نیازی اور ڈاکٹر شبیر احمد نے بھی خطاب کیا۔ ایک گھنٹہ جاری رہنے والے احتجاجی مظاہرہ کی کوریج کے لیے ملکی و غیر ملکی میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔ پرامن مظاہرہ کاباقاعدہ اختتام ملکی ترقی و خوشحالی کی دعا سے ہوا۔

اس سے متعلقہ اخباری تراشے ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

Top