میانوالی: پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام ورکرز کنونشن

یکم اپریل 2013ء کو پاکستان عوامی تحریک میانوالی کے زیراہتمام ورکرز کنونشن منعقد ہوا جس میں خصوصی شرکت ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض نے کی۔ اس کنونشن میں نوجوانوں کی بڑی تعداد سمیت خواتین بھی شریک تھیں۔

کنونشن کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ ہم اس فرسودہ، گلے سڑے اور عوام دشمن نظام انتخاب میں حصہ لے کر کرپشن، دھن، دھونس، دھاندلی کے فروغ میں حصہ دار نہیں بنیں گے، جعلی ڈگری ہولڈرز بنک ڈیفالٹرز، کرپٹ عناصردندناتے پھر رہے ہیں جبکہ سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں، بجلی کے نادہندہ ارکان پر شور وشرابہ مچایاگیا اور اربوں کی کرپشن پر خاموشی باعث حیرت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا ایجنڈا پاکستان سے انتخابی سیاست کاخاتمہ کرنا نہیں بلکہ انتخابات کے طریقہ کار کوشفاف اور درست کرنا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک ملک میں آئینیت اور دستوریت کو بحال کرنا چاہتی ہے۔ موجودہ سیاست میں جوڑ توڑ، گالی گلوچ اور اگلا الیکشن جیتنے کے علاوہ کوئی ترجیح نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایکشن ری پلے نہیں کرپشن، استحصال، دھونس دھاندلی سے پاک آزادی اظہار رائے کا الیکشن چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد کی غرض و غایت آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے نہ جمہوریت کا خاتمہ، بلکہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا ایجنڈے کا پہلا اور آخری مفاد ملک اور اٹھارہ کروڑ عوام ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کامقصد اقتدار نہیں بلکہ قوم کے مستقبل کی تعمیر ہے اور قوم ڈاکٹر طاہرالقادری کے ایجنڈے سے متفق ہے۔ وقت آئے گا جب پوری قوم ڈاکٹر طاہرالقادری کے اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت میں کھڑی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے نتائج سے سب پر واضح ہوجائے گا کہ موجودہ نظام کے تحت ہونے والے الیکشن سے کوئی تبدیلی نہیں آ سکتی ہے۔

پروگرام میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پاکستانی قوم کے نام اہم پیغام بھی بذریعہ پروجیکٹر حاضرین کو سنایا گیا۔

تبصرہ

Top