عظمت مصطفیٰ (ص) ریلی : کوٹلی آزادکشمیر

منہاج القرآن کوٹلی آزادکشمیر کے زیرانتظام عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلی اور جلسہ کا اہتمام کیا گیا، جس میں تحریک منہاج القرآن کوٹلی کے قائدین سمیت، منہاج القرآن یوتھ لیگ، منہاج القرآن وویمن لیگ اور اہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کی قیادت امیر تحریک منہاج القرآن آزاد کشمیر سید ابرار سرور شاہ نے کی۔ ریلی کا آغاز منہاج ماڈل سکول کوٹلی سے دن دس بجے ہوا۔ ریلی نے شہر بھر کا چکر لگایا اور شہید چوک میں پہنچ کر یہ ریلی ایک بڑے جلسۂ عام کی شکل اختیار کر گئی۔ ہم اپنے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دیوانے، عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم زندہ باد کے نعرے کوٹلی کی فضاؤں میں گونجتے رہے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کی سابقہ روایات کی طرح اس بار بھی ریلی میں کثیر افراد کی شرکت کے باوجود شہر بھر میں ٹریفک کا نظام بحال رہا اور شرکاء ریلی نے نہایت منظم اور پرامن طریقے سے احتجاج ریکارڈ کروایا۔

شہید چوک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر تحریک منہاج القرآن جموں و کشمیر سید ابرار سرور شاہ نے کہا کہ یہود و ہنود اس سے قبل بھی اسلام اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خلاف سازشیں کرتے رہے ہیں۔ مسلمانوں کو کمزور کرنے کے لئے ہر دور میں منفی ہتھکنڈے استعمال کیے جاتے رہے ہیں۔ آج ہمارے حکمران بے حس ہو چکے ہیں، بے حیا ہو چکے ہیں۔ مگر الحمدللہ منہاج القرآن کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ہمارے قائد امت مسلمہ کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہر جگہ تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر کام کیا اور اس حوالہ سے ساری دنیا میں ان کی کاوشوں کو سراہا جا رہا ہے۔

سید ابرار سرور شاہ نے مزید کہا کہ آج پوری دنیا میں منہاج القرآن کی طرف سے عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلیاں جلسے جلوس ان باتوں کا مظہر ہے کہ ہم نے اپنے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خاطر اور تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خاطر کبھی دو رائے نہیں رکھیں۔ ہم جان تو دے سکتے ہیں۔ لیکن ایمان اور عقیدے پر کبھی سودے بازی نہیں کر سکتے۔ آج ہم پاکستان اور آزاد کشمیر کی حکومتوں سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ امریکہ کو اپنی حکومتوں کی طرف سے احتجاجی تحریک بھیجیں۔ تا کہ امریکہ کو پتہ چلے کہ ان کے ملک میں ہونے والے اس گھناؤنے اور گستاخانہ خاکوں کی وجہ سے مسلمان کتنے غم اور غصے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمارے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اعلان بھی کیا ہے کہ کوئی اسلامی ملک اقوام متحدہ میں کیس دائر کرے میں فری کیس لڑنے کے لئے تیار ہوں۔ اس موقع پر پرنسپل ملک فضل کریم، ملک منشاء ایڈووکیٹ، ملک یعقوب صدر انجمن تاجران، سجاد ملک، ابرار حسین شاہ، سردرا مالک، ریاست قادری اور دیگر سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

تبصرہ

Top