عباس پور آزاد کشمیر : عظمت مصطفی (ص) ریلی

تحریک منہاج القرآن عباس پور کے زیراہتمام مورخہ 05 اکتوبر 2012 کو عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں علاقے بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے اپنے ہاتھوں میں اسم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پوسٹرز، بینرز اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے۔ عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلی سنی حنفی جامع مسجد کے مین گیٹ سے نکالی گئی، بعدازاں جس میں مرکزی جامع مسجد حنفی کے علما کرام اور نمازی حضرات بھی شامل ہو گئے۔ ریلی جب بازار ہو کر میلاد چوک میں پہنچی تو جلوس کی شکل اختیار کر گئی۔

بعدازاں میلاد چوک عباس پور میں جلسہ منعقد ہوا۔ جس میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض صدر تحریک منہاج القرآن حافظ آفتاب قادری نے سرانجام دیئے۔ جلسہ کی صدارت نامور مذہبی و سماجی شخصیت سردار محمد نسیم عباسی نے کی جبکہ مہمان خصوصی جمیعت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما و خطیب حنفی جامع مسجد عباس پور مولانا اشفاق احمد ربانی تھے۔

مولانا اشفاق احمد ربانی نے اپنے خصوصی خطاب میں حکومت پاکستان سے پر زور مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے جو آفر کی ہے کہ حکومت پاکستان یہ کیس عالمی عدالت انصاف میں لے کر جائے تو وکالت میں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فورا یہ کیس عالمی عدالت انصاف میں لیکر جائے۔ علامہ نے تحریک منہاج القرآن عباس پور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلی کا اہتمام کر کے تمام مسالک اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو یہاں جمع ہو کر آقا علیہ الصلاۃ والسلام سے اظہار محبت کا موقع فراہم کیا۔

ریلی میں شریک دیگر مقررین میں سابق صدر انجمن تاجران سردار محمد حیات خان، صدر انجمن تاجران عباس پور سردار محمد فیاض خان، کواڈینیٹر منہاج القرآن یوتھ لیگ ڈسٹرکٹ پونچھ سردار غلام قادر سدوزئی، پرنسپل منہاج پبلک سکول عباس پور قاری محمد فاروق خان، خواجہ شاہد محمود، سید بدیع الزمان بخاری، سید مرتضی علی بخاری، قاری محمد اعظم اور قیصر قریشی شامل تھے۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے احترام مذاہب کے حوالے سے UN اور OIC سمیت پوری دنیا کے ممالک کے سربراہان کو لکھے گئے تاریخی مراسلہ کی تائید کرتے ہیں۔ جس میں اُنہوں نے باور کرایا ہے کہ کسی بھی مذہب کی ذوات مقدسہ کے خلاف توہین آمیز اقدامات سے نہ صرف امن عالم تباہ ہوگا بلکہ دہشت گردی و انتہاء پسندی کے خلاف کی جانے والی کاوشوں کو بھی شدید دھچکا پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے گستاخانہ اقدامات کسی بھی لحاظ سے آزادی اظہار رائے کے زمرے میں ہرگز نہیں آتے۔ لہٰذا جب تک ان شرانگیز اقدامات کو روکنے کے لیے مؤثر قانون سازی نہیں کی جائے گی اس وقت تک دہشت گردی کا قلع قمع اور پائیدار امن عالم کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

رپورٹ : محمد ضیا الحق قمر ناظم تحریک منہاج القرآن عباس پور آزاد کشمیر

تبصرہ

Top