آفات سے نجات کےلئے نماز بہترین دعا ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

قائدتحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شب برات کے موقع پر ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر آفت سے نجات کےلئے نماز بہترین دعا اور صبر بہترین حکمت عملی ہے۔ نماز قائم کر کے اللہ کو راضی کیا جائے۔ شب برات اللہ سے معافی مانگنے اور نافرمانیوں سے ہمیشہ کےلئے تائب ہونے کی رات ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ اس وقت کرونا وائرس کی وباء کی وجہ سے عالم اسلام اور پوری دنیا اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہے، طاقتورظلم نہ کرنے کا عہداور صاحب وسائل اپنے مال و دولت میں معذوروں، ناداروں کو حصہ دار بنا کر اللہ سے رحم اور اسکی رحمت طلب کریں۔ انہوں نے کہا کہ آزمائش کی گھڑیاں عارضی ہوتی ہیں لیکن انکے اثرات و نتائج دائمی ہوتے ہیں، کچھ لوگ آفات کی گھڑیوں میں راہ راست پر آ کر ہمیشہ ہمیشہ کےلئے اللہ کو راضی کر لیتے ہیں اور اپنا دین، دنیا اور آخرت سنوار لیتے ہیں اور کچھ بد بخت جھوٹ، ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور دورسوں کے مال اور حقوق غصب کر کے اپنا ٹھکانہ جہنم بنا لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج وقت ہے کہ ہم معصیت کے شب و روز نیکیوں میں بدل لیں، حق داروں تک حق پہنچانے کا عہد کرلیں۔ انہوں نے پاکستان، عالم اسلام کی ترقی، خوشحالی، استحکام، اتحاد و اتفاق اور یکجہتی کےلئے خصوصی دعا بھی کی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ تکالیف انسان کے اپنے اعمال کا نتیجہ ہوتی ہیں، اطمینان اور سکون اچھے اعمال کی وجہ سے میسر آتے ہیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنے ویڈیو لنک خطاب میں پاکستان بھر کے عوام سے اپیل کی کہ کرونا وائرس کے مضر طبی اثرات بدستور قائم ہیں، حکومتی ہدایات کو نظر انداز نہ کریں۔ وائرس سے بچنے کےلئے سماجی فاصلے قائم رکھیں، بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں، حفاظتی تدابیر اختیار کر کے خود کو اپنے اہل خانہ کو، عزیز و اقارب اور دوست احباب کو وائرس کے مہلک اثرات سے بچائیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے مزید کہاکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے یومیہ اجرت پر کام کرنیوالے لاکھوں خاندان مالی مشکلات سے دوچار ہو گئے ہیں، ہر فرد ادارے اور تحریک کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاشی مسائل سے دوچار خاندانوں کی مدد کریں۔ مستحقین کی مدد کر کے اللہ کو راضی کرنے کی اس سے بہتر کوئی اور گھڑی نہیں ہو سکتی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے مشکل کی اس گھڑی میں مستحقین کی مدد کرنیوالے فلاحی اداروں کے خدمت انسانیت پر مبارکباد دی انہوں نے ہزارو خاندانوں تک راشن اور کھانا پہنچانے پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن، منہاج یونیورسٹی لاہور، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، آغوش آرفن کیئر ہوم کی ایڈمنسٹریشن کو مبارکباد دی۔

تبصرہ

Top