منہاج یونیورسٹی لاہور کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے 1.8 ملین روپے کی امداد

Rs 1.8 million for flood victims from Minhaj University Lahore

منہاج یونیورسٹی لاہور کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کا ٹرک اور 1.8 ملین روپے کا چیک منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے حوالے کیا گیا۔ یہ امدادی سامان منہاج یونیورسٹی لاہور کی فیکلٹی اور طلبہ و طالبات کی طرف سے جمع کیا گیا۔ سامان اور امدادی چیک ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر حسین محی الدین قادری اور وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرز نوراللہ صدیقی اور فیلڈ کوآرڈینیٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اشتیاق حنیف مغل کے حوالے کیا۔

اس موقع پر رجسٹرار منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر خرم شہزاد، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن سلمان جہانگیر، ڈپٹی ڈائریکٹر مارکیٹنگ طاہر شکیل اور ہیڈ ڈیپارٹمنٹ آف ماس کمیونیکیشن ڈاکٹر سلمان امین بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے سیلاب متاثرین کی مدد کے حوالے سے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ سیلاب متاثرین ہمارے بھائی ہیں ان کی مکمل بحالی تک ہر شہر ی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کی آفت کی وجہ سے چاروں صوبوں میں لاکھوں خاندان بری طرح متاثر ہوئے ہیں، لوگوں کے گھر بار مویشی، فصلیں سیلاب میں بہہ گئی ہیں۔ بحثیت پاکستانی ہمارا قومی فرض ہے کہ ہم انہیں پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے اپنا حصہ ڈالیں۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ڈپٹی ڈائریکٹر مارکیٹنگ منہاج یونیورسٹی طاہر شکیل اور ان کی ٹیم کوامدادی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کرنے پر شاباش دی۔ واضح رہے کہ منہاج یونیورسٹی لاہور کی جانب سے جمع کیے گئے سامان میں خشک راشن، آٹا، بچوں، خواتین اورمردوں کے ملبوسات، جوتے، کمبل، خیمے، ترپال، مچھر دانیاں، برتن، پینے کا پانی، بسکٹ، دودھ اور گھریلو استعمال کی دیگر اشیا شامل ہیں۔

Rs 1.8 million for flood victims from Minhaj University Lahore

Rs 1.8 million for flood victims from Minhaj University Lahore

Rs 1.8 million for flood victims from Minhaj University Lahore

تبصرہ

Top