منہاج القرآن انٹرنیشنل امریکہ کا کوٹری میں سیلاب متاثرین کے لیے میڈیکل کیمپ

منہاج ویلفیئر فاونڈیشن سیلاب متاثرین کے لیے اپنی فلاحی و امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کروڑوں روپے کا امدادی سامان متاثرین تک پہنچا چکی ہے۔ ملک بھر میں منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کی ذیلی تنظمیات کے علاوہ دنیا بھر سے منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کے کارکنان پاکستان آ کر امدادی سرگرمیوں میں شریک ہیں۔ اس سلسلے میں منہاج القرآن انٹرنیشنل امریکہ نے سندھ کے علاقے کوٹری میں متاثرین کے لیے میڈیکل ریلیف کیمپ لگایا۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل امریکہ سے ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل سٹاف اور طبی ماہرین کی ٹیم 8 ستمبر 2010ء کو پاکستان پہنچی۔ جہاں وفد مقامی ڈاکٹروں کے ٹیم کے ساتھ کوٹری گیا۔ جہاں منہاج القرآن کوٹری اور سندھ کے قائدین نے وفد کو خوش آمدید کہا۔ وفد میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی امداد کے لیے مخیر حضرات بھی شریک تھے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل امریکہ اور منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کوٹری نے کوٹری میں سیلاب سے متاثرین کے لیے دوبارہ تعمیر کی جانے والی رہائشی کالونی میں فری میڈیکل کیمپ لگایا۔ سندھ حکومت کے مطابق اس رہائشی کالونی میں 15 سو افراد مقیم ہیں جو سیلاب سے متاثر ہوئے۔ اس رہائشی کالونی میں زیادہ تر آشوب چشم کے مریض تھے، جو حالیہ آشوب چشم کی لہر کا شکار تھے۔ اس کے علاوہ بخار، ملیریا اور امراض جلد کے مریضوں کا بھی کیمپ میں چیک اپ کیا گیا اور انہیں مفت ادویات بھی مہیا کی گئیں۔

خواتین مریضوں کا چیک اپ کرنے کے لیے ڈاکٹر پروین میتھن نے خدمات سر انجام دیں۔ انہوں نے کیمپ میں سینکڑوں خواتین کا معائنہ کیا۔ کیمپ میں خواتین کے علاوہ مردوں اور بچوں سمیت ہر عمر کے لوگوں کے بھی طبی معائنے کیے گئے۔ اس موقع پر منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کے کارکنان متاثرین کی خدمت کے لیے ڈیوٹی سر انجام دیتے رہے۔ منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کوٹری اور منہاج القرآن انٹرنیشنل امریکہ نے متاثرین کی بحالی تک ہر ہفتے بعد فری میڈیکل کیمپ لگانے کا بھی اعلان کیا گیا۔ اس سلسلے میں اگلا کیمپ لانڈھی کراچی میں لگایا جائے گا۔

تبصرہ

Top