ذات مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مسلمانوں کا مرکز و محور ہیں : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

مورخہ: 05 مارچ 2010ء

رسول اکرم (ص) کی گستاخی کرنے والا اور گستاخ رسول (ص) کا ساتھ دینے والا دونوں خارج از ایمان ہیں
تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا تقریب سے خطاب

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ ذات مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مسلمانوں کا مرکز و محور ہیں، انہیں نظر انداز کرنے والا ایمان سے خالی ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی گستاخی کرنے والا اور گستاخ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ساتھ دینے والا دونوں خارج از ایمان ہیں۔ عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مسلمانوں کی کامیابی کا ضامن ہے۔ وہ گزشتہ روز تحریک منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں مرکزی قائدین، علمائے کرام جن میں علامہ سید فرحت حسین شاہ، مولانا محمد حسین آزاد، علامہ میر آصف اکبر، علامہ ممتاز صدیقی، مولانا عثمان سیالوی اور علامہ نصیر صدیقی بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے خطاب کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اسلام، قرآن اور شریعت کی روح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مسلمانوں کا تعلق اپنے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ مضبوط رہا ان کی عظمت عروج برقرار رہا۔ جب ہم نے ان سے تعلق کو اہمیت نہیں دی تو ہماری اہمیت خاک میں مل گئی۔ تحریک منہاج القرآن شبانہ روز عشق مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے سرگرم عمل ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ مسلمانوں کو نام نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ذات نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر جمع کیا جائے کیونکہ یہی مسلمانوں کا حقیقی سرمایہ ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top