تعلیم و تربیت اور حق کا پیغام پھیلانا تحریک منہاج القرآن کی دعوت کی روح ہے : ڈاکٹر تنویر اعظم

مورخہ: 24 مارچ 2010ء

نظام اسلام انسانی اقدار کا پاسدار اور انسانی حقوق کی مکمل حفاظت کا ذمہ دار ہے

تحریک منہاج القرآن شعبہ تربیت کے مرکزی ڈائریکٹر ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو نے کہا ہے کہ تعلیم و تربیت اور حق کا پیغام پھیلانا تحریک منہاج القرآن کی دعوت کی روح ہے ۔انہوں نے کہا کہ طلبہ عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مضبوطی کے لیے درود و سلام کا ورد کثرت سے کریں۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ مختلف کالجز سے آئے ہوئے طلبہ کی ایک تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام انسان کی مکمل تربیت چاہتا ہے۔ اسلام انسانی اقدار کا پاسدار اور انسانی حقوق کی مکمل حفاظت کا ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اپنی تعلیم پر مکمل توجہ دیں۔ اساتذہ طلبہ کی تربیت اور رہنمائی بدلتے ہوئے حالات کے مطابق بھر پور انداز میں کریں تاکہ طلبہ ملک و قوم کے لیے بہتر کار کردگی ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ لوڈ شیڈنگ، مہنگائی اور دہشت گردی سے بہت متاثر ہو رہے ہیں اور ان کی تعلیم پر برے اثرات پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قوم کے نوجوان ان مشکلات کے باوجود ہمت اور حوصلہ سے اپنے ملک و قوم کی ترقی کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام، پاکستان اور عوام کے لیے نوجوان متحد ہیں۔ اسلام صرف فکر ہی نہیں دیتا بلکہ عملی زندگی کا نظام بھی عطا کرتا ہے۔ اس لیے جو فرد اسلام کے جتنا قریب آتا چلا جاتا ہے وہ مکمل حیات کے قریب ہوتا چلا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک کے دفاع اور اسلام کی سربلندی کے لیے کسی قربانی سے منہ نہیں موڑنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم میں ہر قسم کی صلاحیت موجود ہے۔ اسے منظم کرنے کی ضرورت ہے۔ قیادت کے فقدان کی وجہ سے وسائل منظم نہیں ہو رہے۔ قیادت کا فقدان بحران کی صورت اختیار کر رہا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top