بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ خواتین کیلئے بہت سی مشکلات پیدا کر رہی ہے : سمیرا رفاقت
خواتین کی ترقی کے بغیر ملک و قوم کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر
نہیں ہو سکتا
منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ سمیرا رفاقت کا عہدیداران سے خطاب
منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ سمیرا رفاقت نے کہا کہ بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ خواتین کیلئے بہت سی مشکلات پیدا کر رہی ہیں۔ گھریلوں کاموں اور عائلی زندگی میں کرب کی کیفیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومت بجلی کے بحران کو ختم کرنے کیلئے سنجیدگی سے عمل کرے تا کہ عوام کو اس دکھ سے نجات مل سکے۔ عوام پہلے ہی مہنگائی اور بیروزگاری کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے۔ بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ معیشت کو تباہ کر رہی ہے۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے گزشہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور اور لاہور ٹاؤنز کی تنظیمی عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ خواتین کی اسمبلیوں میں نمائندگی کے باوجود خواتین کااستحصال ہو رہا ہے۔ خواتین کے مسائل بڑھتے ہی جا رہے ہیں ایسے لگتا ہے کہ خواتین بھی اپنے مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی ترقی کے بغیر ملک و قوم کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ خواتین کی ترقی کا راز تعلیم و تربیت میں ہے۔ جب تک خواتین کی تعلیم و تربیت کیلئے موثر اقدامات نہیں کئے جائیں گے خواتین کی ڈویلپمنٹ کے لئے جو کا م ہو رہے ہیں ناقص اور نامکمل ہی رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ خواتین میں اچھا پاکستانی اور اچھا مسلمان بننے کا شعور بیدار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی اولین ذمہ داری ہے کہ قوم کو تربیت یافتہ نسل نو تیار کر کے دیں۔
تبصرہ