منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو کے زیراہتمام جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

مورخہ: 06 مارچ 2010ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو ناروے کے زیراہتمام 6 مارچ 2010ء کو جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلہ میں اوسلو مرکز پر ایک عظیم الشان جلسے کا اہتمام کیا گیا۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی منہاج القرآن انٹرنیشنل کوپن ہیگن کے امیر علامہ قاری ظہیر احمد قادری تھے جو خصوصی طور پر ڈنمارک سے تشریف لائے تھے۔ پروگرام میں پروفیسر عطاء المصطفی، قاری اشرف سیالوی امام ورلڈ اسلامک مشن، قاری محمود الحسن گولڑوی، علامہ حافظ شیراز مدنی جماعت اہلسنت اوسلو، علامہ بلال احمد شاہ امام و خطیب غوثیہ مسلم سوسائٹی، قاری صداقت علی بخاری، ڈاکٹر زوار حسین شاہ امام و خطیب انجمن حسینی، علامہ قاری اسرار احمد منہاجین امام و خطیب مسلم سنٹر فیورسٹ اور ریاض احمد صدر اسلام راولپنڈی ویلفیئر سوسائٹی بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔

پروگرام کا آغاز نماز عشاء کے بعد ہوا جس کی سعادت ناروے کے معروف قاری خالد محمود چشتی آف موس نے حاصل کی۔ اٹلی سے تشریف لانے والے ثناء خوان فیض احمد چشتی نے نعت خوانی کی۔ آپ پاکستان کے عظیم نعت خوان مرحوم اعظم چشتی کے شاگرد رشید ہیں۔

منہاج نعت کونسل نے علامہ قاری اسرار احمد منہاجین کی سربراہی میں آقاء علیہ السلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں اعلیٰ حضرت کا لکھا ہوا مشہور کلام ’’سب سے اعلیٰ و اولیٰ ہمارا نبی‘‘ اور ’’فلک کے نظارو زمین کی بہارو حضور آگئے ہیں‘‘ پڑھ کر حاضرین محفل کے جذبات کو روحانی جلا بخشی۔ اوسلو کے معروف ثناء خواں مصطفیٰ عبدالمنان نے بھی حضور نبی اکرم جس کی سعادت ناروے کے معروف قاری خالد محمود چشتی آف موس نے حاصل کی۔

امیر تحریک منہاج القرآن کوپن ہیگن علامہ قاری ظہیر احمد قادری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جشن میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم صرف امت محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی نہیں بلکہ سابقہ تمام امتیں مختلف شکلوں میں میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ذکر کرتے نظر آتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اہل کتاب کے رہبروں کو اپنی کتابوں میں آقاء علیہ السلام کے خدوخال، حلیہ مبارک، اور حضور نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے منسوب ہر چیز کا علم تھا۔ وہ ہر جگہ نبی آخرالزمان حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ذکر کرتے نظر آتے تھے اور وہ ہر وقت آقاء علیہ السلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کے منتظر رہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے آج اپنے آپ اور اپنی نسل کے ایمان کی حفاظت کرنی ہے تو سابقہ امتوں کی طرح ہمیں بھی اپنے آپ اور اپنی نسل کو آقاء علیہ السلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے رشتہ محبت و عشق کو بحال کرنا ہوگا۔ یہ استحکام ایمان کا واحد حل بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر القادری عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا علم اٹھائے ہوئے قریہ قریہ پیغام مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پھیلا رہے ہیں۔

میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشی میں منہاج القرآن اوسلو کے مرکز کو خوبصورت طریقے سے سجایا گیا تھا۔ پروگرام میں آغوش پراجیکٹ کے بارے میں ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی اور لوگوں سے تعاون کی اپیل بھی کی گئی۔ کانفرنس میں نقابت کے فرائض علامہ حافظ صداقت علی امیر تحریک منہاج القرآن اوسلو نے احسن انداز میں سرانجام دیئے۔

رپورٹ: عقیل قادر (اوسلو)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top