اٹھارویں ترمیم پر خوشیاں منانے والے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دیں : شیخ زاہد فیاض

بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ سے صنعتی اداروں کا دیوالیہ اور مجموعی طور پر معیشت تباہ ہو رہی ہے: شیخ زاہد فیاض

تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ سے صنعتی اداروں کا دیوالیہ اور مجموعی طور پر معیشت تباہ ہو رہی ہے، عوام میں بدحالی اور بیروزگاری خطرناک صورتحال اختیار کر رہی ہے، لوڈ شیڈنگ کے خلاف عوامی ردعمل احتجاجی طوفان بنتا جا رہا ہے، حکومت سنجیدگی سے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دے ایسا نہ ہو کہ حالات قابو سے باہر ہو جائیں۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان توانائی کے بدترین بحران سے دوچار ہے، اسکی وجہ یہ ہے کہ سنجیدگی سے اس بحران کو ختم کرنے کی کوشش ہی نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی کا شارٹ فال 4780 میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے۔

بجلی کی پیداوار 10155 اور ڈیمانڈ 14935 میگاواٹ ہے، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کی حیات بری طرح تنگ کی ہوئی ہے۔ 24 گھنٹوں میں 16 اور 18 گھنٹے کی لوڈ شیدنگ ایک عذاب کی صورت اختیار کر چکی ہے، عوام ایک طرف گرمی سے جھلس رہے ہیں تو دوسری طرف پانی کی کمی بھی بڑھ رہی ہے۔ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے کاروبار تباہ ہو رہے ہیں، کاروبار کی تباہی کی وجہ سے بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے۔ مختلف شہروں میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے، معاشی ابتری بھی بڑھتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم پر ایوان اقتدار میں خوشیاں منائی جا رہی ہیں، مٹھائیاں بانٹی جا رہی ہیں، ایک دوسرے کو مبارکبادیاں دی جا رہی ہیں مگر اس کی اوٹ میں عوامی مسائل کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ اس عدم دلچسپی سے عوام کے جہاں مسائل میں تشویشناک اضافہ ہو رہا ہے وہیں عوام کے اندر مایوسی اور احساس محرومی بھی بڑھتا جارہا ہے اگر یہی صورتحال رہی تو عوامی غم و غصہ کو کنٹرول کرنا بہت کٹھن ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ عوامی گھمبیر مسائل غربت، مہنگائی، بیروزگاری اور بحرانوں سے نجات دلانے کیلئے بھی اٹھارویں ترمیم کی طرح حکومت تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر وسیع تر مشاورت کے ذریعے ایسے اقدامات کرے کہ جس سے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف حاصل ہو۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top