تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام قومی کانفرنس کے انعقاد کا اعلان

لوڈشیڈنگ اور ہوشرباء مہنگائی سے عوام کی زندگی عذاب بن گئی ہے
قومی کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں

اس وقت ملک جس عالمی دہشت گردی کے دباؤ میں ہے اس سے نبٹنے کے لیے ایک ایسی سیاسی ایکتا کی ضرورت ہے جو داخلی و خارجی صورتحال کو قومی امنگوں کے مطابق ڈھالنے کا باعث بنے۔ ملک کے طول و عرض میں بہت کچھ بہت تیزی سے ہورہا ہے لوڈشیڈنگ اور ہوشرباء مہنگائی سے عوام کی زندگی عذاب بن گئی ہے اور لوگ سراپا احتجاج بن کر سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے ملک کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے لیے تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام قومی کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام ہونے والی کانفرنس میں پاکستان کی سیاسی، مذہبی جماعتوں، فلاحی تنظیموں، وکلاء، علماء، اساتذہ، طلبہ، صحافی، تاجر، ڈاکٹرز اور مختلف طبقہ ہائے زندگی کی تنظیموں کے نمائندگان شرکت کریں گے۔ اس موقع پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اندریں حالات تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں پر فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ جذبہ حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسائل کو ان کے تناظر میں حل کریں۔ لاشوں پر سیاست نہ کریں اور قومی مفاد کو اپنی سیاست کا بنیادی فریم ورک بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی کانفرنس میں ہوشرباء مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے ہنگامی اقدامات اور وطن عزیز کو درپیش دیگر مسائل پر قوم کو باہمی تقسیم کی دلدل میں دھکیلنے سے پہلے معروضی حالات اور واقعات کا پورے اخلاص کے ساتھ مطالعہ، مشاہدہ، بحث، وسیع تر مشاورت کرتے ہوئے تجزیہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی کانفرنس کے بعد یقینا ایک محفوظ قومی مستقبل اپنی منزل کی جانب پیش قدمی کا عمل جاری رکھ سکے گا۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے بتایا کہ قومی کانفرنس 26 اپریل 2010ء کو تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگی اور کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top