ملک کو نام نہاد ترقی کے نام پر غیروں کے حوالے کرنا غیرت اور خودداری داؤ پر لگانے کے مترادف ہے : رحیق احمد عباسی

مورخہ: 04 مئی 2010ء

پٹرول، ڈیزل، تیل اور بجلی کے نرخوں میں بڑھتا ہوا اضافہ عوام کے منہ سے نوالہ چھین رہا ہے
مہنگائی، غربت اور لوڈ شیڈنگ کا بڑھتا ہوا طوفان نہ روکا گیا تو حالات بہت زیادہ ابتر ہونے کا اندیشہ ہے
تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی تحریک کی مجلس عاملہ پنجاب کے
دو روزہ اجلاس کی آخری نشست میں گفتگو

ملک کو نام نہاد ترقی کے نام پر غیروں کے حوالے کرنا غیرت اور خودداری داؤ پر لگانے کے مترادف ہے۔ سیاستدانوں نے عوام کو خودداری نہیں خودکشی، غربت مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور کرپشن جیسے تحائف دیئے ہیں۔ عوام سے روشنی چھین کر اندھیروں میں رکھنا ظلم اور ناانصافی ہے۔ پٹرول، ڈیزل، تیل اور بجلی کے نرخوں میں بڑھتا ہوا اضافہ عوام کے منہ سے نوالہ چھین رہا ہے۔ ان باتوں کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے تحریک کی مجلس عاملہ پنجاب کے دو روزہ اجلاس کی آخری نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن پنجاب کے امیر احمد نواز انجم، علامہ رانا محمد ادریس، شیخ زاہد فیاض، وقاص احمد، شکیل ثانی، ساجد گوندل، ظہیر نقشبندی، ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو، محمد شریف کمالوی، علی اختر اعوان، قاری ریاست چدھڑ، غلام مرتضیٰ علوی، ڈاکٹر محمد انور میروی اور توقیر الحسن گیلانی بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر رحیق احمدعباسی نے کہا کہ ہماری صفوں میں اتحاد نہیں ہے ہم ذاتی لڑائیوں میں مصروف ہیں، ملک دشمن عناصر اندرونی اور بیرونی گھناؤنی سازشوں میں کامیاب ہوتے جارہے ہیں۔ حکمران اور سیاستدان اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں، اپنے ذاتی اختلافات کو پس پشت رکھتے ہوئے عوام کی فلاح و بہبود کی طرف دھیان دیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، غربت اور لوڈ شیڈنگ کا بڑھتا ہوا طوفان نہ روکا گیا تو حالات بہت زیادہ ابتر ہونے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کا عوام کے مسائل کے حل کی طرف دھیان نہ دینا عوام میں نفرت کی آگ بڑھا رہا ہے جو ملک کی سالمیت کے لیے خطرناک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں من حیث القوم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ قومی مفاد، ملک کی سلامتی اور سالمیت کو پہلی ترجیح پر رکھنے کی ضرورت ہے ورنہ دشمن ہمیں پارہ پارہ کرنے کے لیے بڑی منظم سازشیں کر رہا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top