حکومت چند خاندانوں کی ہے مگر ملک 17 کروڑ کا ہے، پاکستان مسائلستان بن چکا ہے : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی
اداروں کے باہم ٹکراؤ کے باعث ملک معاشی و سیاسی عدم استحکام کے بھنور میں پھنس چکا
ہے
حکومت اور اپوزیشن رویوں کی اصلاح کر لیں ورنہ مکافات عمل کا اژدھا انہیں نگل جائے
گا
تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ اداروں کے باہم ٹکراؤ کے باعث ملک معاشی و سیاسی عدم استحکام کے بھنور میں پھنس چکا ہے متاثرین ملک اور عوام ہیں اور آئین کو موم کی ناک بنا دیا گیا ہے۔ عدلیہ اور حکومت کے مابین آنکھ مچولی خطرناک ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل درآمد کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ حکومت چند خاندانوں کی ہے مگر ملک 17 کروڑ کا ہے۔ ان کے مسائل کے حل کے لئے ضروری ہے کہ ادارے ایک دوسرے کا احترام کرتے ہوئے آگے بڑھیں۔ حکومت اور اپوزیشن اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے اپنے رویوں کی اصلاح کر لیں ورنہ مکافات عمل کا اژدھا انہیں نگل جائے گا۔ وہ گذشتہ روز منہاج یونیورسٹی کے زیر اہتمام سینئر سٹوڈنٹس کی طرف سے دیئے گئے ظہرانے کے موقع پرملکی سیاسی صورتحال کے حوالے سے ان کے مختلف سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ این آر او پر عمل درآمد کے حوالے سے حکومتی خاموشی ملک کے لئے نقصان دہ ہے۔ شخصیات کی بجائے ملک بچانے کی فکر لاحق ہونا چاہیے۔ مہنگائی، لوڈشیڈنگ، غربت، دہشت گردی سمیت درجنوں مسائل حکومت کی توجہ کے متقاضی ہیں مگر حکمرانوں کی ترجیحات کچھ اور ہیں۔ اپوزیشن نے تمام تر مسائل کے ہوتے ہوئے ’’چپ‘‘ سادھ کر رکھی ہے جو عوام کی نظر میں سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کو دوام عوامی تائید سے ملتا ہے مگر حکومت اور اپوزیشن دونوں اس فلسفہ سے بے نیاز عوام کش پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسائلستان بن چکا ہے۔ عوامی مسائل کے حل کی طرف توجہ نہ دی گئی تو عوام کا بپھرا ہوا سیلاب سب کچھ بہا لے جائے گا۔
تبصرہ