پاکستانی معیشت کے حالات کسی طور پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے نفاذ کے لئے سازگار نہیں : فیض الرحمن درانی

مورخہ: 12 مئی 2010ء

حکومت آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دیکر ہوشربا مہنگائی، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے طوفان کے سامنے بندھ باندھے
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر فیض الرحمن درانی کی ملتان سے آئے ہوئے تاجروں کے وفد سے ملاقات

پاکستان عوامی تحریک کے صدر فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ جی ڈی پی کی کم شرح، غربت اور بے روزگاری میں اضافہ، توانائی کا شدید بحران، غیرملکی سرمایہ کاری میں کمی، غیر ملکی قرضوں کا بڑھتا ہوا بوجھ، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی گرتی ہوئی قدر وہ عوامل ہیں جن سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستانی معیشت سنگین مشکلات کا شکار ہے۔ آنے والا بجٹ عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی صنعتی اور تجارتی حلقے پہلے ہی مختلف بحرانوں کا شکار ہیں ایسے میں پاکستانی معیشت کے حالات کسی طور پر ویلیوایڈڈ ٹیکس کے نفاذ کے لئے سازگار نہیں۔ اس ٹیکس کے نفاذ سے مہنگائی مزید بڑھے گی اور برآمدات بھی متاثر ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان سے آئے ہوئے تاجروں کے ایک وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات میں کیا۔ فیض الرحمن درانی نے کہا کہ حکومت آنے والے بجٹ میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا نفاذ، بجلی پر سبسڈی کے خاتمے اور اس کے نرخ مزید بڑھانے، نئے ٹیکس لگانے، ٹیکس نیٹ وسیع کرنے اور ترقیاتی بجٹ محدود کرنے کی باتیں تو کر رہی ہے مگر عوام کے مصائب میں کمی کے لئے اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ پیش کرنے سے قبل ضروری ہے کہ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال اور حالات کا سنجیدگی سے غیر جانبدارانہ تجزیہ کیا جائے تو یہ بات واضح ہو جائے گی کہ اس وقت ملک میں مربوط معاشی، اقتصادی پالیسی کا وجود نہیں اور معاشی معاملات عارضی بنیادوں پر چلائے جا رہے ہیں جس کا نتیجہ یہ ہے کہ عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبتے چلے جا رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آئندہ بجٹ میں مہنگائی پر قابو پانے، عوام کو معاشی پس ماندگی، سماجی مسائل اور توانائی کے بحران سے نکالنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ پٹرولیم مصنوعات، گیس اور بجلی کے نرخوں میں آئے دن کے غیر ضروری اضافے کو واپس لیا جائے۔ لوڈشیڈنگ پر فوری قابو پانے کے لئے حکمت عملی تیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے حکومتی اعلانات کے باوجود شہروں میں 6 سے 8 گھنٹے اور دیہاتوں میں 12 , 12 گھنٹے کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اب بھی جاری ہے۔ حکومت کو آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دیکر ہوشربا مہنگائی، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے طوفان کے سامنے بندھ باندھنا ہو گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top