اسلام بارے شکوک و شبہات پیدا کرنے میں نام نہاد مسلمان مفکرین کا بڑا ہاتھ ہے : ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 15 مئی 2010ء

تحقیق کے سمندر میں غوطہ زن ہونے کا رجحان کمزور پڑ چکا ہے
آج مغرب میں نافذ زیادہ تر قوانین اسلامی ہیں
آج اسلامی دنیا میں اسلامی تعلیمات مفقود ہیں جو امت مسلمہ کے زوال کا سبب ہیں
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام طلبہ کی ایک فکری نشست سے ٹیلی فونک خطاب

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ اسلام بارے شکوک و شبہات پیدا کرنے میں نام نہاد مسلمان مفکرین کا بڑا ہاتھ ہے۔ مستشرقین کی لکھی کتابوں سے اسلام پڑھنے والوں نے اصل ماخذ سے اسلام نہیں پڑھا اس لئے وہ خود ساختہ تعلیمات کو اسلام کے ساتھ نتھی کر کے عام کر رہے ہیں جو آج کا بڑا المیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی تاریخ بلند پایہ علمی شخصیات سے بھری پڑی ہے اور ان کا دیا ہوا علمی خزانہ اسلام کی حقیقی روح کو سمجھنے کیلئے موجود ہے مگر تحقیق کے سمندر میں غوطہ زن ہونے کا رجحان کمزور پڑ چکا ہے۔ نوجون نسل جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اسلام کے حوالے سے پیاس رکھتی ہے مگر ان کی تشنگی مٹانے کی بجائے نام نہاد مفکرین انہیں مزید فکری مخالطوں میں دھکیل رہے ہیں۔ وہ مصطفوی سٹوڈنٹس مومنٹ کے زیراہتمام طلبہ کی ایک فکری نشست سے لندن سے ٹیلیفونک خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جدید دنیا کے علمبرداروں کو انتہا پسندی کا مفہوم اب سمجھ آ رہا ہے جبکہ اسلام نے آغاز ہی سے انتہا پسندی اور فرقہ واریت کی جڑ کاٹ دی تھی۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دنیا کو میثاق مدینہ کی صورت میں پہلا تحریری آئین دے کر انسانیت کو وہ ضابطہ حیات دے دیا ہے جس پر عمل کر کے دنیا کا کوئی بھی معاشرہ ترقی کی معراج کو چھو سکتا ہے۔ آج مغرب میں نافذ زیادہ تر قوانین اسلامی ہیں۔ فلاحی ریاست کے قیام کا تصور اسلام نے دیا ہے جس پر عمل پیرا ہو کر مغربی دنیا نے ترقی کی۔ آج اسلامی دنیا میں اسلامی تعلیمات مفقود ہیں جو امت مسلمہ کے زوال کا سبب ہیں۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ ہمیں اپنے اصل کی طرف لوٹنا ہو گا اور اسکا ایک ہی ذریعہ ہے کہ اسلامی تعلیمات کو سیکھنے کیلئے نام نہاد مفکرین اور مستشرقین کی کتابوں سے تعلق توڑ کر اسلام کو اس کے اصل ماخذ سے سیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن اور سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اسلامی تعلیمات کا منبع ہیں اس لئے ایسے مفکرین کی کتابیں پڑھیں جسکا تعلق حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اور تعلیمات سے انتہائی پختہ ہو۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top