فوزیہ وہاب صدر کے حق میں دلائل دیتے ہوئے اسلامی تاریخ کو مسخ نہ کریں

مورخہ: 23 مئی 2010ء

'میثاق مدینہ' کی صورت میں دنیا کو پہلا تحریری آئین محسن انسانیت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دیا
فوزیہ وہاب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کتاب "میثاق مدینہ "کا مطالعہ کریں

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے فوزیہ وہاب کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکمران جماعت کی سیکرٹری اطلاعات کو علم ہونا چا ہیے کہ انسانیت کو پہلا تحریری آئین 'میثاق مدینہ' کی صورت میں دینے والے محسن انسانیت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں اور خلفاء راشدین نے اسی آئین کے زریں اصولو ں پر عمل پیرا ہو کر حکمرانی کی۔ فوزیہ وہاب صدر کے حق میں دلائل دیتے ہوئے اسلامی تاریخ کو مسخ نہ کریں۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے بطور خلیفہ عدالت میں پیش ہو کر پوری انسانیت کو درس دیا کہ سربراہ مملکت بھی قانون سے بالا نہیں ہو سکتا۔ اسلام میں سربراہ مملکت کے لئے استثناء کی کوئی صورت موجود نہیں ہے۔ یہ پاکستانی آئین کی ہی "خوبی" ہے، اس کی کوئی مثال اسلامی تاریخ میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ فوزیہ وہاب کا مطالعہ بہت محدود لگتا ہے، وہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتاب "میثاق مدینہ (کائنات انسانی کا پہلا تحریری آئین)" کا مطالعہ کریں۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ انہیں یہ بھی علم ہونا چاہیئے کہ جدید دنیا 1929 میں عورت کو ووٹ کا حق دے رہی ہے جبکہ مدینہ کی پارلیمنٹ میں خواتین ممبر ہوا کرتی تھیں اور حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے ایک موقع پر مسلمان ممبر پارلیمنٹ عورت کے حق مہر کی حد مقرر کرنے پر اختلاف کے باعث اس کی رائے کو معتبر جانتے ہوئے اپنی رائے کو بخوشی واپس لے لیا تھا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top