آج کا پاکستان اسلامی ہے نہ جمہوری، قوم کو فکری اور نظریاتی غلامی سے باہر نکالنا ہو گا : حسین محی الدین القادری

مورخہ: 26 مئی 2010ء

آج غلط کو غلط کہنے کی ضرورت ہے، آنکھیں بند کرنے سے کچھ نہ ہو گا
سیاست لوٹنے کا نہیں عوام کے مسائل کو حل کرنے کا نا م ہے، پارلیمنٹ سنور جائے تو ملک سنور جائے گا
کرپشن زدہ گلے سڑے سیاسی نظام نے ملک کو تباہ کر دیا ہے، ڈاکٹر طاہر القادری ملک کو بحران سے نکال سکتے ہیں
پاکستان عوامی تحریک کے 21 ویں یوم تاسیس کے موقع پر قائدین کے خطابات

پاکستان عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کے صدرحسین محی الدین القادری نے کہا ہے کہ آج کا پاکستان اسلامی ہے نہ جمہوری، قوم کو فکری اور نظریاتی غلامی سے باہر نکالنا ہو گا۔ انتہا پسندی اور کرپشن ہر سو پھیلتی جا رہی ہے۔ آج غلط کو غلط کہنے کی ضرورت ہے، آنکھیں بند کرنے سے کچھ نہ ہو گا۔ آج پاکستان کو بچانے اور قوم کے سوئے ہوئے احساس کو بیدار کرنے کیلئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ پاکستان عوامی تحریک کے کارکن غلامی سے نجات دلانے کی جدوجہد میں عوام کو شریک کریں اور قریہ قریہ پھیل جائیں۔ متوسط طبقے کی قیادت کو آگے لانے کیلئے ہر فرد اپنی ذمہ داری کو سمجھے اور قیادت 3 فیصد سے چھین کر 97 فیصد کو منتقل کی جائے اسی سے پاکستان حقیقی اسلامی اور جمہوری بنے گا۔ وہ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کے 21 ویں یوم تاسیس کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری امت کیلئے جو درد رکھتے ہیں وہ ہر سینے کو منتقل کرنا ہو گا تا کہ پاکستانیوں کو خوشحالی اور عزت و وقار واپس مل سکے۔ معاشی غلامی کی زنجیروں کو توڑنے کیلئے جذبہ حب الوطنی کو بیدار کر کے استقامت سے جمہوری جدوجہد کے ذریعے عوام کو اقتدار منتقل کرنا ہو گا۔ اس موقع پر مرکزی صدر فیض الرحمٰن درانی، سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ، نائب صدر اقبال احمد خان، جی ایم ملک، جواد حامد، سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام، چوہدری افضل گجر، حافظ غلام فرید، خان عبدالقیوم خان، لہراسپ خان گوندل، چوہدری اشتیاق، ملک غلام محمد اعوان، چوہدری امتیاز احمد، گل ریز احمد وڑائچ، ناصر اقبال ایڈووکیٹ، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، رانا شہزاد، ثاقب بھٹی، چوہدری اشفاق اور ایم ایچ شاہین بھی موجود تھے۔ مرکزی صدر فیض الرحمٰن درانی نے کہا کہ امانتیں اہل افراد کو سپرد کرنے کا احساس جس دن عوام میں آگیا ملک میں معاشی اور سیاسی انقلاب آجائے گا۔ عوام کے شعور کو بیدار کرنے کیلئے محنت کرنا ہو گی۔ سیاست لوٹنے کا نہیں عوام کے مسائل کو حل کرنے کا نام ہے مگر آج لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔ عوام ممبران پارلیمنٹ کو اختیار دینے سے پہلے سوچیں کہ وہ اس کے اہل بھی ہیں؟سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عوام کو بحران سے نکالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ عوام یاد رکھیں پارلیمنٹ سنور جائے تو ملک سنور جائے گا۔ موجودہ پارلیمنٹ پارٹی سربراہان کے ماتحت ہے اسلئے پارلیمانی نمائندوں کو خود مختار بنانا ہو گا۔ آئینی ترامیم میں اراکین پارلیمنٹ کا نہیں عوام کا مفاد ملحوظ رکھنا چاہیے۔ سیاسی کلچر کو بدلنے کیلئے انتخابی کلچر کو بدلنا انتہائی ضروری ہے اور پاکستان عوامی تحریک اسی ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر عوام کے شعور کو بیدار کر رہی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر افضل گجر نے کہا کہ کرپشن زدہ گلے سڑے سیاسی نظام نے ملک کو تباہ کر دیا ہے۔ منافقانہ اور دجل و فریب پر مبنی نظام کو سمندر برد کرنا ہو گا اور اس کیلئے پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد جاری ہے۔ سینئر نائب صدر اقبال احمد خان نے کہا کہ پاکستاں عوامی تحریک معاشرے میں خیر کے رویوں کر عام کر نے پر محنت کر رہی ہے اور اس کے ثمرات آنے والے وقت میں عوام ضرور دیکھیں گے۔ قوم مایوس نہ ہو کیونکہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری فکری رہنمائی کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ جی ایم ملک نے کہا کہ ووٹ کی طاقت کا غلط استعمال ہی پاکستان کے مسائل کی جڑ ہے۔ عوام دیانت، صلاحیت اور کردار کو ملحوظ رکھ کر پارلیمنٹ تشکیل دیں تو عوامی مسائل کیلئے قانون سازی کا عمل شروع ہو جائے گا۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام نے کہا کہ اقتدار کے مزے اڑانے والے لیڈر نہیں اور جو حقیقی لیڈر ہیں وہ اقتدار میں نہیں، اسکے ذمہ دار عوام ہیں جو دو سوراخوں سے با ر بار ڈسے جاتے ہیں۔ عوام کو مسلمان سے مومن بننے کی جدوجہد کرنا ہو گی پھر انہیں کوئی دھوکہ نہ دے سکے گا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری امت مسلمہ کیلئے وہ کام کر رہے ہیں جو آنے والی صدیوں میں ان کیلئے مشعل راہ ہو گا۔ پاکستاں مسائلستان بن چکا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ عوام بے شعور ہیں انہیں اس جہنم سے نکالنے کیلئے عوامی تحریک کی جدوجہد جاری ہے۔ سیکرٹری کوآرڈنیشن جواد حامد نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک ملک کو تمام بحرانوں سے نکالنے کی اہلیت رکھتی ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عوم کو حقوق دلانے کیلئے جس جدوجہد کا آغاز 21 سال قبل کیا تھا وہ جلد کامیابی سے ہمکنار ہو گی اور غریب کے استحصال کا سلسلہ دم توڑ دے گا شرط یہ ہے کہ استقامت سے صحیح سمت میں جدوجہد کو جاری رکھا جائے گا۔ سیمینار سے دیگر مرکزی صوبائی اور ضلعی عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔

پاکستان عوامی تحریک کے 21 ویں یوم تاسیس کے موقع پر متفقہ طور پر منظور کی گئی قراداد

  • توہین رسالت اورگستاخانہ خاکہ بنانے والے بین الاقوامی مجرم ہیں لہذا ان کا ٹرائل اقوام متحدہ میں کیا جائے۔
  • اقوام عالم مسلمانوں سے اظہار یک جہتی کرتے ہوئے فیس بک ویب سائٹ کا بائیکاٹ کرے۔
  • پارلیمنٹ عدلیہ کے خلاف متنازعہ آئینی ترامیم واپس لے۔
  • کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے ذمہ داران کے خلاف کاروائی کی جائے۔
  • VAT ٹیکس کے نفاذ کا فیصلہ واپس لیا جائے۔
  • حکومت ہنزہ جھیل کے متاثرین کیلئے ہنگامی طور پر بھرپور امداد فراہم کرے۔
  • دہشت گردی اور اسلام کے امن پسند حقوق انسانی کے تصور کو اجاگر کرنے میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادی کا فتوی سنگ میل ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے 21 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ پروگرام کی صدارت پاکستانی عوامی تحریک کے مرکزی صدر فیض الرحمٰن درانی نے کی۔ جبکہ دیگر مہمانوں میں مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک انوار اختر ایڈووکیٹ، رانا اقبال احمد خان (وائس چئیرمین پاکستان عوامی تحریک)، جی ایم ملک (پرنسپل سیکرٹری ٹو چیئرمین PAT )، لہراسب گوندل (صوبائی جنرل سیکرٹری PAT)، سید علی غضنفر کراروی (سیکرٹری جنرل علماء پاکستان)، ڈاکٹر تنویر اعظم (صوبائی صدر PAT) اور جواد حامد (کوآرڈنیٹر پاکستان عوامی تحریک) شامل ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top