منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان میں محفل ختم غوثیہ
مورخہ 26 مئی 2010 کو منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان باندو سٹی کے مرکز ابراکی کین میں ماہانہ گیارھویں شریف کے پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل برمنگھم، انگلینڈ کے سینئر نائب صدر علامہ حافظ محمد اظہر سعید قادری نے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ رب العزت نے مالی قربانیوں اور نیک اعمال کے بدلے مومنوں سے جنت کا وعدہ فرمایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا وعدہ حق ہے، یہ نفع بخش تجارت ہے اور ہر شخص کو ایک لمحہ ضائع کئے بغیر نیک اور اچھے اعمال کرنے چاہئیں۔ آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بھی اس دنیا کو آخرت کی کھیتی فرمایا اور جو اس دنیا میں بویا جائے گا اس کی جزا اور سزا آخرت میں ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم لوگ اس دنیا میں وقت ضائع کریں گے، برے اعمال کریں گے، عبادات پر توجہ نہیں دیں گے اور فضول چیزوں پر زندگی کا قیمتی وقت ضائع کریں گے تو ہماری قبر اور آخرت خراب ہو گی۔ انہوں نے کہا اگر قبر اور آخرت میں کامیاب ہونا ہے تو اللہ تعالیٰ اور اس کے پیارے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رضا و خوشنودی کے مطابق زندگی گزاریں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کی زبوں حالی ہمارے برے اعمال کا نتیجہ ہیں اور ہر شخص کو انفرادی اور اجتماعی توبہ کر لینی چاہئے۔
پروگرام کے آخر میں عالم اسلام، اقوام عالم، عالمی امن پاکستان میں خوشحالی اور ترقی کے لئے دعا کی گئی اور لنگر تقسیم کیا گیا۔
رپورٹ: (محمد انعام الحق ٹوکیو)
تبصرہ