محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہمارے ایمان کا مرکز و محور ہے : منہاج القرآن برنلے
ایمان اور اسلام کا سارا سفر نبی آخرالزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی غیر مشروط اتباع سے عبارت ہے : علامہ شمس الرحمان آسی
ہماری زندگی کے وہ تمام تقاضے جن سے ایمان کی تکمیل ہوتی ہے اور وہ تمام اعمال و عبادات جو ارکان اسلام کی صورت میں ایک مسلمان پر فرض ہیں، وہ سب حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عطا کردہ اصول و ضوابط اور آ پ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اداؤں کا ہی نام ہے۔ اسلام کے بنیادی عقائد و اجزاء کی پہچان نبی رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پہچان و محبت کے بغیر ممکن نہیں ہے، اسی لئے ہم سب کا اس پر کامل یقین ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت ہی ہمارے ایمان کا مرکز و محور ہے۔ اگر ہم نے اس مرکز سے روگردانی کر لی تو نہ تو ہمارے ایمان مضبوط ہوسکیں گے اور نہ ہی دنیا و آخرت میں کامیابی مل سکے گی۔ ان خیالات کا اظہار علامہ شمس الرحمان آسی نے گذشتہ دنوں منہاج القرآن برنلے کی ہفتہ وار محفل ذکر ونعت میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج غیر مسلم لوگ آزادی اظہار کے نام پر نبی دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی کے مرتکب ہو رہے ہیں تو ہم سب کا یہ فرض ہے کہ ہم ناموس رسالت کے تحفظ کے حوالے سے اپنی ذمہ داری کا احساس کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قرآن مجید نے جا بجا اس حقیقت کو بڑے واضح انداز میں بیان فرمایا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اطاعت ہی اللہ کی اطاعت ہے، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ہی اللہ سے محبت کی کسوٹی ہو گی۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رضا ہی رضائے الٰہی کا مظہر ہو گی۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عطا و بخشش ہی اللہ کی عطا و بخشش کا سبب بنے گی اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نافرمانی اللہ تعالیٰ کی نافرمانی قرار پائے گی۔ اس حقیقت کا جائزہ لیتے ہوئے ہمیں عظمت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خلاف اُٹھنے والے ہر قدم کو قوت بازو یا ہر اُس قوت و صلاحیت سے روکنا ہے جو ہمارے پاس موجود ہے اور محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغام اپنی آئندہ نسلوں تک پہنچانا ہے۔
انہوں نے تمام شرکاء محفل کے ساتھ ’’فیس بک‘‘ پر ہونے والے گستاخانہ خاکوں کے مقابلہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اس مکروہ فعل کو فی الفور روکنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی قوم کے مذہبی و تہذیبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا آزادی اظہار رائے نہیں بلکہ پیغمبر امن صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بے ادبی و گستاخی کر کے اربوں مسلمانوں کی دل آزاری کرنا کھلی دہشت گردی ہے۔ اقوام عالم کو ایسے افراد کے ایسے دہشت گردانہ اقدام کا نوٹس لینا اور ان کو روکنا چاہئے اور مذمت کرنی چاہئے۔ اسلام امن پسند اور بھائی چارے و محبت کو فروغ دینے والا دین ہے جو کسی بھی سطح پر افراد معاشرہ کے مذہبی و دینی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی ہر کوشش کی مذمت کرتا ہے اور باہمی اتحاد و یگانگت کا پیغام دیتا ہے۔ اس محفل کے اختتام پر نیلسن سے پاکستان گئی ہوئی فیملی کے تین افراد جو اپنے ہی عزیزوں کے ہاتھوں شہید ہو گئے، ان کے لئے دعائے مغفرت بھی کی گئی اور اس ناگہانی واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔ یاد رہے کہ منہاج القرآن برنلے کے زیرانتظام ہر اتوار کو دن 12:30 سے 2:00 بجے تک محفل ذکر و نعت منعقد کی جاتی ہے جس میں اصلاح نفس و اصلاح معاشرہ کے حوالے سے پیغام حاضرین تک پہنچایا جاتا ہے۔
تبصرہ