تمام مسالک کے علماء متفقہ طور پر دہشت گردوں کی بھرپور اور غیر مشروط مذمت کریں : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی
تحریک منہا ج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے لاہور میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے اسے وفاقی اور پنجاب حکومت کی ناکامی قرار دیا ہے۔ مرکز اور پنجاب کا دوھرا معیار افسوسناک ہے۔ دہشت گرد 12 دن لاہور میں مقیم رہے، پنجاب میں دندناتے رہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے کی طرف سے پیشگی اطلاع کے باوجود دہشت گردوں کی اتنی بڑی کاروائیوں کا ہو جانا نہایت افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں دہشت گردوں کے خلاف شدید نفرت پائی جاتی ہے۔ قادیانیوں پرحالیہ حملہ دہشت گردوں کی طرف سے ایک خاص مسلک کے اندر بھی تیزی سے گرتی ساکھ کو سنبھالا دینے کی ایک کوشش ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ تمام مذہبی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نفرت اور اسلام کے تصورامن، سلامتی اور محبت کو اجاگر کرنے کیلئے نصاب میں مثبت تبدیلیاں کریں اور مذہبی اداروں میں آنے جانے والوں پر کڑی نظر رکھنے اور دہشت گردوں سے کلیتاً لا تعلقی کا اعلان کریں۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ تمام مسالک کے علماء متفقہ طور پر دہشت گردوں کی بھرپور اور غیر مشروط مذمت کریں۔ اپنے پیروکاروں پر یہ واضح کریں کہ دہشت گرد مسلمان نہیں ہو سکتے اور مسلمان دہشت گرد نہیں ہو سکتے۔ دینی تنظیمیں اور ادارے خود اپنی صفوں میں چھپے ہوئے انتہا پسند عناصر کو بے نقاب کریں۔ انہوں نے دہشت گردوں کی عدالتوں سے مسلسل ہونے والی رہائی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے حکومتی اداروں اور ایجنسیوں کی ناکامی قرار دیا۔ پکڑے جانے والے دہشت گردوں، ان کی پشت پناہی کرنے والوں، ان کو پناہ فراہم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کئے بغیر اور ایسے عناصر کو عبرتناک سزائیں دئیے بغیر دہشت گردی پر قابو پانا ممکن نہیں ہے۔
تبصرہ