کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں پوزیشن ہولڈرز طلبہ کے لیے تقریب تقسیم انعامات

مورخہ: 18 مئی 2010ء

منہاج یونیورسٹی لاہور کے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں 18 مئی 2010ء کو سیشن 08-2007ء اور 09-2008ء کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کے اعزاز میں تقریب تقسیم انعامات منعقد کی گئی۔ تقریب کی صدارت پرنسپل ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی۔

وائس پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ظہور اللہ الازھری، پروفیسر محمد نواز ظفر (کنٹرولر امتحانات)، پروفیسر ڈاکٹر مسعود احمد مجاہد، محمد عباس نقشبندی (ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس)، رانا محمد اکرم قادری، ممتاز الحسن باروی، غلام مجتبیٰ طاہر، ظفر اقبال، شبیر احمد جامی، محمد عتیق حیدر، صابر حسین نقشبندی، مجیب الرحمن، مراد علی دانش، محمد کاشف بھٹی، عمر حیات اورا، فیاض احمد عباسی اور محمد طاہر جاوید بھی تقریب میں موجود تھے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے قاری خالد حمید کاظمی نے کیا۔ جس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم قاری عنصر علی نے پیش کی۔ پروگرام میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ویڈیو خطاب بھی سنایا گیا جس کو طلبہ اور اساتذہ کرام نے بڑے انہماک سے سنا۔ وائس پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ظہور اللہ الازھری نے کالج کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام کا لگایا ہوا پودا پھل دار اور پھول دار ہو چکا ہے۔ کالج کا تعلیمی و تربیتی نظام بہترین ہے جس میں اساتذہ کرام کی بہت بڑی کاوش ہے۔ انہوں نے کہا ادارہ کا عظیم ہونا عمارت سے نہیں ہوتا بلکہ وہاں کے اساتذہ کرام کی کارکردگی اور اعلیٰ علمی و تربیتی نتائج سے ہوتا ہے۔ آج اس ادارہ کے تربیت یافتہ افراد دین کی سربلندی کے لیے پورے ملک اور بیرون ملک میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

پرنسپل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے صدارتی خطاب کیا۔ انہوں نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کا ہر طالب علم، علم میں پختگی اور کردار میں کمال حاصل کرے۔

تقریب تقسیم انعامات میں 65 طلبہ کو شیلڈز اور اسناد تقسیم کی گئی۔ 3 طلبہ کو کالج میں حاضری میں نمایاں رہنے پر بھی شیلڈز دی گئیں۔ پروگرام میں نقابت کے فرائض ڈاکٹر محمد اصغر جاوید الازھری (ڈپٹی کنٹرولر امتحانات) اور سید افتخار احمد شاہ (کوآرڈینیٹر اکیڈمک) نے سرانجام دیئے۔

تقریب کے آخر پر دعائیہ کلمات مفتی اعظم تحریک منہاج القرآن مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی نے ادا کیے۔ بعد ازاں اساتذہ کرام اور پوزیشن ہولڈر طلبہ اور مہمانوں کو پر تکلف ظہرانہ بھی پیش کیا گیا۔

رپورٹ: حافظ محمد شکیل اکرم، صدر بزم منہاج

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top