خانہ فرہنگ ایران کے سیمینار ’’سیدہ کائنات‘‘ میں سمیرا رفاقت ایڈوکیٹ کی خصوصی شرکت

مورخہ: 23 مئی 2010ء

خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران لاہور میں 23 مئی 2010ء کو ’’سیدۂ کا ئنات‘‘ حضرت فاطمۃ الزہرہ سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت با سعادت کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی ناظمہ سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے سیمینار میں تحریک منہاج القرآن کی نمائندگی کرتے ہوئے ’’حضرت فاطمۃ الزہرہ سلام اللہ علیہا کی شخصیت مظہر انسان کامل‘‘ پر تحقیقی مقالہ پیش کیا۔

انہوں نے اپنی گفتگو میں حضرت فاطمۃ الزہرہ سلام اللہ علیہا کی شان بیان کرتے ہوئے کہا کہ اہل بیت اطہار کی محبت و عقیدت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ امت مسلمہ کے زوال کا ایک بڑا سبب یہ بھی ہے کہ ہماری زندگیاں اہل بیت اطہار کی محبت اور کردار سے خالی ہوچکی ہیں۔ مسلمان ہوتے ہوئے یہ ہمارے ایمان کا تقاضا اور ذمہ داری ہے کہ اہل بیت اطہار کی محبت کو اگلی نسلوں کے دلوں تک منتقل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آج کی عورت کو حضرت فاطمۃ الزہرہ سلام اللہ علیہا کی سیرت، کردار، اخلاق اور حیاء کو اپنانے کی ضرورت ہے، مگر اس کے لئے ان میں آگہی اوربیداری شعور کی بھی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کے اس اہم ذمہ داری کو پورا کرنے کے لئے منہاج القرآن ویمن لیگ اپنی بھرپور جدوجہد کر رہی ہے۔

اس موقع پر انہوں نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ میں سیمینار کے توسط سے سب شرکاء کو دعوت دیتی ہوں کہ وہ ہمارے رابطوں کو قبول کرتے ہوئے آگے بڑھیں اور کردار زہرہ کے فروغ کے لئے تحریک منہاج القرآن کی جدوجہد میں شامل ہو جائیں۔ اگر خواتین حضرت فاطمۃ الزہرہ سلام اللہ علیہا کے اسوہ پر عمل کریں اور اس نہج پر اپنے بچوں کی تربیت کریں تو ایک مثالی معاشرہ جنم لے گا۔ ایسا معاشرہ جس میں ظلم، ناانصافی، حق تلفی، دہشت گردی اور انتہاء پسندی کی جگہ عدل و انصاف، حقوق کے تحفظ، اعتدال پسندی، تحمل، بردباری، امن و آشتی کا نظام اور ماحول پھلنے پھولنے لگے گا۔ سیمینار میں سامعین نے سیمرا رفاقت ایڈوکیٹ کی گفتگو کو بہت سراہا۔ اس موقع پر ایرانی و پاکستانی دانشور خواتین مقررین نے بھی خطاب کیا۔ سیمینار کا باقاعدہ اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top