منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی قیادت کا راوی ٹاؤن وزٹ

مورخہ: 25 مئی 2010ء

منہاج القرآن ویمن لیگ نے لاہور کے تمام ٹاؤنز کے تفصیلی وزٹس کے سلسلے کا دوسرا وزٹ مورخہ 29 مئی 2010 بروز ہفتہ کو راوی ٹاؤن تنظیم کا کیا۔ اس سے پہلے عزیز بھٹی ٹاؤن، واہگہ ٹاؤن اور شالیمار ٹاؤن کا وزٹ 25 مئی 2010 کو کیا گیا۔ ان وزٹس کا مقصد کارکنان و ذمہ داران کی کارکردگی کا جائزہ لینا اور اہداف کے حصول کو ممکن بنانے کے لئے انہیں مناسب رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ راوی ٹاؤن کے وزٹ میں مرکزی ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ محترمہ سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ، مرکزی نائب ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ محترمہ ساجدہ صادق، ناظمہ لاہور محترمہ طاہرہ فردوس اور نائب ناظمہ محترمہ زریں لطیف شامل تھیں۔

ملاقات میں ٹاؤن کی تنظیم کے ساتھ UC's کی تنظیمات بھی شریک ہوئیں۔ میٹنگ کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور درود وسلام سے ہوا۔

اس موقع پر محترمہ سمیرا رفاقت نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ دورے کا مقصد منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور کے تنظیمی کام کا جائزہ لینا، درپیش مسائل کے حل کے لیے تجاویز و آراء دینا ہے جس سے کارکردگی میں مزید بہتری اور ورکنگ کی رفتار میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہوسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ کے پلیٹ فارم سے منسلک ہر فرد اپنی ذمہ داری کے حوالے سے اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو جواب دہ ہے۔ تحریک منہاج القرآن کا مشن وہی مشن ہے جو آقا علیہ اسلام کا مشن ہے۔ اسلام کی جو تحریک آقا علیہ اسلام نے چلائی تھی تحریک منہاج القرآن بھی انہی مقاصد کے تحت اپنی منزل کی جانب جدوجہد کر رہی ہے۔ یہ اللہ کریم کا فضل اور احسان عظیم ہے کہ اس عظیم مشن کی خدمت کے لیے اس نے ہمیں منتخب کرلیا ہے۔ اس کرم کا شکر اسی صورت میں ادا ہو سکتا ہے جب اس ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اس کے تقاضے پورے کرنے لیے ہمہ وقت کوشاں رہا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تنظیمی ڈسپلن کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے جو ٹارگٹس مرکز کی جانب سے دیے جاتے ہیں انہیں پورا کرنا آپکی ذمہ داری ہے۔ منظم انداز سے کیے جانے والے کام کے نتائج بھی جلد حاصل ہو جاتے ہیں۔

ٹاؤن اور UC's کی ذمہ داران نے اپنی کارکردگی رپورٹ مرکزی ناظمہ ویمن لیگ کو پیش کی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ ناظمہ نے کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ کام میں مزید بہتری اور مسائل کے حل کے لیے تجاویز دیں۔ آخر میں سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top