ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا کتابی فتوی امت کا تاریخی اثاثہ ہے : مشیر میاں ایوب

مورخہ: 06 جون 2010ء

اگر فتنہ خوارج کو سمجھ لیا جائے تو دہشت گردی کے محرکات کو سمجھنے میں آسانی ہو گی : ڈاکٹر حسنات

شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کی کتاب "دہشت گردی اور فتنہ خوارج" دہشت گردی کے خاتمہ میں کیا کردار ادا کرے گی کے موضوع پر تحریک منہاج القرآن گلبرگ لاہور کے زیراہتمام گلبرگ کے مقامی شادی ہال میں ہونے والے پروقار سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وزیراعظم کے مشیر میاں ایوب نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا کتابی فتوی امت کا تاریخی اثاثہ ہے۔ انہوں نے امت مسلمہ پر وہ احسان کیا ہے جو صدیوں یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید نے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ان خدمات کے پیش نظر تحریک منہاج القرآن کی لائف ممبر شپ حاصل کی تھی اس لئے PPP ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتاب دہشت گردی اور فتنہ خوارج فساد کو ختم کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کرے گی۔ میں حکومت کا نمائندہ ہونے کی حیثیت سے انکی جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی ڈاکٹر حسنات نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تاریخ کے اہم حقائق کو عیاں کر کے امت کا بھلا کیا ہے یہ درست ہے کہ خارجیوں نے صحابہ کرام کو شہید کیا اور امت میں فساد پیدا کیا۔ موجودہ دہشت گردی بھی اسی تسلسل کا حصہ ہے۔ اگر فتنہ خوارج کو سمجھ لیا جائے تو دہشت گردی کے محرکات کو سمجھنے میں آسانی ہو گی۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے جہاد اور فساد کے فرق کو واضح کر کے تاریخی کارنامہ سرانجام دیاہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے ڈاکٹر سعید الہی نے کہا کہ فتنہ و فساد اسلام میں حرام ہے جو قتل و غارت سے بھی بد تر ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے ضخیم فتوی میں ثابت کر دیا ہے کہ اسلام امن و محبت اور فلاح انسانیت کا دین ہے۔ انہوں نے پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے اور اسلام کا نام استعمال کر کے دہشت گردی اور فتنہ و فساد پھیلانے والوں کو منہ توڑ جواب تاریخی فتوی کی صورت میں دیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ بین الاقوامی سظح پر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے فتوی کو بہت زیادہ پذیرائی ملی، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اس اہم دستاویز کو ہر طبقہ زندگی کے فرد تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دہشت گردوں کے چہروں سے پردہ چاک کر دیا ہے۔ اس کتاب نے دہشت گرد اور مسلمان کا فرق واضح کر دیا ہے۔ مرکزی ناظم منہاج القرآن علماء کونسل نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے احیائے اسلام اور تجدید دین کا اہم فریضہ کو انجام دیا ہے پوری دنیا انکی دینی، علمی خدمات کی معترف ہے۔ تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر ارشاد طاہر نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتاب سے علم و آگہی کا وہ نور پھیلے گا جو دہشت گردی، فتنہ اور فساد کو ختم کر دے گا۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری امن و محبت کا دوسرا نام ہے پاکستانیوں کو اس عظیم المرتبت شخصیت پر فخر کرنا چاہیے سیمنار سے ناظم منہاج القرآن لاہور حفیظ اللہ جاوید، صدر پاکستان عوامی تحریک لاہور محمد افضل گجر، صدر تحریک منہاج القرآن گلبرگ محمد راشد چوہدری، ناظم گلبرگ شیخ سہیل ظفر، ناظم دعوت گلبرگ حافظ صفدر علی، غلام مصطفی ملک حاجی محمد اسحاق، میاں فاروق D.S.P، میاں ریاض، معروف کالم نگار و دانشور اسلم لودھی، علامہ عارف رضوی، مفتی عاشق حسین شاہ، میاں محبوب عالم، چوہدری عبد الغفور اور سید فرحت شاہ نے بھی مختصر خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top