صاحبزادہ حسن محی الدین قادری کا آسٹریا میں تلاش امن کانفرنس اور تربیتی نشست سے خطاب

مورخہ: 29 مئی 2010ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی زیرقیادت اقامت دین، اصلاح احوال، عالمی امن اور خدمت انسانیت کے عظیم مقاصد کے حصول کے لیے سرگرم عمل ہے۔ 29 مئی 2010 کا دن آسٹریا کے مصطفوی کارکنان کے لیے انتہائی مسرت و انبساط لیے وارد ہوا کیونکہ اس روز انکے محبوب قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری صاحبزادے حسن محی الدین قادری (صدر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل) نے پہلی دفعہ ویانا کا دورہ کیا۔

مورخہ 29 مئی 2010 دوپہر 11 بجے منہاج القرآن آسٹریا کے صدر خواجہ محمد نسیم کی زیر قیادت تحریکی عہدیداران و کارکنان کا قافلہ ویانا ایئر پورٹ پر صاحبزادہ صاحب کے استقبال کے لیے موجود تھا۔ صاحبزادہ صاحب اور انکے ہمراہ مرکزی سینئر نائب ناظم اعلی شیخ زاہد فیاض کا پھولوں کے گلدستوں سے استقبال کیا گیا۔ خواجہ محمد نسیم نے صاحبزادہ صاحب سے سب کارکنان کا تعارف کروایا۔ ایئر پورٹ سے قافلہ کی شکل میں مہمانان گرامی قدر کو خواجہ محمد نسیم کی رہائش گاہ پر لے جایا گیا۔

تلاش امن کانفرنس

ویانا کے خوبصورت ترکی ہال ’’ونڈرہال‘‘ میں تلاش امن کانفرنس دوپہر دوبجے شروع ہوگئی۔ کچھ دیر بعد صاحبزادہ حسن محی الدین قادری، شیخ زاہد فیاض مقامی قائدین کے ہمراہ ہال میں تشریف لائے اور خواجہ محمد نسیم نے تنظیم کے جنرل سیکرٹری محمد نعیم رضا کو نظامت کی ذمہ داری سنبھالنے کی دعوت دی۔ سٹیج پر مہمان خصوصی صاحبزادہ حسن محی الدین، شیخ زاہد فیاض، پولیس چیف مسٹر موئرباور، آسٹرین سماجی رہنما میڈم مائر، اسلامی نمائندہ تنظیم کے نائب صدر طرافہ بھاگایتی، علامہ عبدالحفیظ الازہری، ایرانی اسلامک سنٹر کے امام محمد والڈمان، جامع دار ارقم کے امام شیخ سعد الاعظم اور سفارت خانہ پاکستان کے آفیسر اشتیاق عاقل تشریف فرما تھے جبکہ کرسی صدارت پر خواجہ محمد نسیم جلوہ افروز تھے۔ ہال میں مقامی پاکستانی، آسٹرین، ترکی کمیونٹی کے نمائندگان کے علاوہ گراس سٹی، لنز سٹی، سنکٹ پولٹن سٹی سے بھی لوگ خصوصی طور پر صاحبزادہ صاحب کو سننے کے لیے موجود تھے۔ اسی طرح پاکستانی، آسٹرین اور بعض دیگر کمیونٹی کی خواتین بھی اس کانفرنس میں موجود تھیں۔ سٹیج پر پاکستان، آسٹریا اور ترکی کے جھنڈے نمایاں تھے جبکہ پورے ہال کو فرمودات شیخ الاسلام اور مختلف خوش آمدیدی بینروں سے سجایا گیا تھا۔ کانفرنس کی کاروائی تین زبانوں اردو، انگلش اور جرمن میں ہوئی۔

قاری علی طارق نے پرسوز آواز میں تلاوت قرآن حکیم سے کانفرنس کا باقاعدہ آغاز کیا۔ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت حاجی اکبر علی اور سید رمیض نقوی نے حاصل کی۔ خواجہ محمد نسیم نے مہمان خصوصی کی خدمت میں سپاس نامہ پیش کرنے کے علاوہ اردو اور جرمن زبان میں کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر بھی روشنی ڈالی۔ علامہ حافظ عبدالحفیظ الازہری نے اردو، جبکہ شیخ طرافہ بھاگایاتی، ماگستر محمد والڈمان نے جرمن زبان میں کانفرنس کے موضوع امن و استحکام پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ آسٹریا کی سیکرٹری مسزمریم خواجہ نے جرمن زبان میں منہاج القرآن، شیخ الاسلام کا تعارف اور خدمات پر روشنی ڈالی۔

شیخ زاہد فیاض نے اپنے خطاب میں حاضرین کو بتایا کہ منہاج القرآن اس وقت پاکستان کے کونے کونے میں دین مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں مصروف عمل ہونے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے 90 ملکوں میں اسلام اور پاکستان کی خدمت کر رہی ہے۔ منہاج القرآن کے وابستگان کو فخر ہونا چاہیے کہ وہ اس صدی کی سب سے بڑی مجددانہ تحریک کے ساتھ وابستہ ہیں۔

صاحبزادہ حسن محی الدین قادری خطاب کے لیے تشریف لائے۔ ماحول کی مناسبت سے آسٹرین کمیونٹی کے لیے تقریباً آدھا گھنٹہ انہوں نے انگلش میں اور بعد میں اردو میں خطاب کیا جس میں انہوں نے قرآن و حدیث کی روشنی میں اسلام کے تصور امن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسلام اور ایمان دونوں کا معنی ہی امن و سلامتی ہے۔ اللہ تعالی کے پاکیزہ ناموں میں سے ایک نام بھی السلام ہے اور جنت کا نام بھی دار السلام یعنی سلامتی والا گھر ہے۔ گویا دین اسلام از اول تا آخر امن، محبت، رحمت اور سلامتی کا دین ہے۔ دہشت گردی کا اسلام میں کوئی تصور نہیں۔ دہشت گرد کبھی مسلمان نہیں ہوسکتا اور مسلمان کبھی دہشت گرد نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے جاری کردہ تاریخی فتوی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فروغ امن و محبت کے لیے عالم اسلام کی طرف سے سب سے بڑی کاوش ہے۔ عنقریب اس فتوی کو انگلش اور عربی میں ترجمہ کرکے دنیا بھر میں عام کردیا جائے گا۔ اسکے علاوہ انہوں نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان رحمت اللعالمینی کو بیان کرتے ہوئے مسلمانوں کو اتباع رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کرتے ہوئے امن کا پیکر بن جانے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ اولیائے کرام و صوفیائے عظام ہی امن و محبت کے حقیقی علمبردار رہے ہیں اور آج بھی یہی طبقہ دنیا کو امن آشنا کررہا ہے۔

صاحبزادہ صاحب کے خطاب کو بہت پسند کیا گیا۔ ہال میں سے فرط جذبات سے نعرۂ ہائے تکبیر و رسالت بلند ہوتے رہے۔ پولیس چیف اور آسٹرین کمیونٹی کے رہنماؤں نے دین اسلام کے اصلی تصور کے واضح ہونے کا اعتراف اور شیخ الاسلام کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

بعد ازاں صدر محترم خواجہ محمد نسیم نے سب تنظیمات، شرکا، پریس، متعاونین و مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور منہاج القرآن آسٹریا کے عہدیداران کا تعارف شرکاء سے کروایا۔ شیخ سعد الاعظم کی دعائے خیر سے یہ کانفرنس کامیابی سے اختتام پذیر ہوئی۔

آسٹرین خاتون کا قبول اسلام اور تربیتی نشست

نماز مغرب کے بعد خواجہ محمد نسیم کی رہائش گاہ پر صاحبزادہ حسن محی الدین قادری اور شیخ زاہد فیاض منہاج القرآن آسٹریا کے کارکنان، وابستگان اور محبان کے ساتھ عشائیہ اور ملاقات کے لیے تشریف لائے۔ اس موقع پر ایک آسٹرین خاتون نے صاحبزادہ صاحب کے دست حق پرست پر اسلام قبول کیا۔ محترمہ کا اسلامی نام ’’صفیہ‘‘ رکھا گیا۔

اسکے بعد خواتین و حضرات کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے محترم صاحبزادہ صاحب نے علم و حکمت کے بے بہا موتی بکھیرے۔ انہوں نے کارکن و قائد کے تعلق و نسبت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے صحبت شیخ اور نسبت شیخ پر زور دیا۔ علاوہ ازیں خواتین کے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیے۔ یورپ میں اولاد کی تربیت و پرورش کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ والدین کو اولاد کی تربیت کے لیے خود نمونۂ عمل بننا چاہیے۔ اس موقع پر انہوں نے منہاج القرآن آسٹریا کے صدر خواجہ محمد نسیم کی قائدانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا جن کی سربراہی میں تنظیم نے خاطر خواہ ترقی کی اور مصطفوی مشن کو آسٹریا میں ترویج و استحکام نصیب ہوا۔ نصف شب کے قریب یہ محفل اختتام پذیر ہوئی تو شیخ الاسلام کے عظیم فرزند کے علم و فضل اور پرتاثیر زبان کی اثر آفرینی سے مسحور ہو کر ہر کوئی مصطفوی مشن کے لیے نیا عزم و حوصلہ پاچکا تھا۔

صاحبزادہ حسن محی الدین قادری کے تنظیمی دورہ اور تلاش امن کانفرنس کو کامیاب بنانے میں، صدر تنظیم، خواجہ محمد نسیم، امیر محمد حفیظ اللہ قادری، سینئر وائس پریذیڈنٹ ملک امین اعوان، ملک غلام مصطفیٰ اور ملک محمد شفیع (نائب صدور)، جنرل سیکرٹری محمد نعیم رضا، ملک انور علی نائب ناظم، ملک اعجاز رشید ناظم مالیات، شیخ محبوب عالم ناظم ویلفیئر، حاجی الطاف حسین ناظم رابطہ، چودھری محمد آصف محتسب، حاجی نسیم ملک سیکرٹری اجتماعات، ملک بلال، عمیر اعوان، میڈیا کوآرڈینیٹر محمد اکرم باجوہ، علی سخاوت، عمیر الطاف، سیف ممتاز، زبیر الطاف، زبیر کیانی، مسعود لاہوری، حاجی شاہد محمود، حاجی قاسم چیئرمین، فاروق اکبر، حاجی آفاق اکبر، بابائے صحافت بشیر ناصر، اقبال غوری، فیصل ریاض، محترمہ مسز خواجہ، محترمہ مسز الطاف، محترمہ مسز اعوان، اور قانونی مشیر تنظیم ڈاکٹر ابراھیم لوگر کی خدمات نمایاں ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top