تحریک منہاج القرآن کا ریسکیو ٹیم بنانے کا فیصلہ

ملک میں بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظر تحریک منہاج القرآن نے منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کے پلیٹ فارم سے ’’منہاج ریسکیو ٹیم‘‘ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں 9 اور 10 اپریل کو 2 روزہ ٹریننگ کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ اس کیمپ میں پنجاب سروسز اکیڈمی ریسکیو 1122 کے انسٹرکٹرز نے خصوصی شرکت کی۔ جنہوں نے تحریک کی دعوت پر اپنا قیمتی وقت دیا تھا۔ ٹریننگ کے لیے آنے والے انسٹرکٹرز کے گروپ لیڈر فاروق احمد تھے۔ عنصر علی (کمیونٹی سیفٹی آفیسر)، محترمہ مس حناء (کمیونٹی سیفٹی آفیسر) اور دیگر آفیسرز بھی انسٹرکٹرز گروپ شامل تھے۔ اس طرح منہاج ریسکیو ٹیم کی پہلی لائف سیفٹی ورکشاپ کا انعقاد ممکن ہوا۔

ٹریننگ سیشن میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور تمام اسٹاف ممبران کے علاوہ منہاج یونیورسٹی کے طلبہ نے بھی بھر پور شرکت کی۔ ٹریننگ ورکشاپ کے افتتاحی روز تعارفی سیشن میں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور دیگر مرکزی قائدین نے بھی شرکت کی۔ کیمپ کے دوسرے اور آخری دن اختتامی سیشن ہوا۔ جس میں پنجاب سروسز اکیڈمی 1122 کی ہیڈ محترمہ رقیہ بھی خصوصی طور پر شریک ہوئیں۔ انہیں تحریک منہاج القرآن اور منہا ج ویلفیئر فاؤنڈیشن کاتعارف کرایا گیا۔ تقریب کے آخر میں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق عباسی اور ناظم ویلفیئر محترم ڈاکٹر شاہد محمود نے منہاج ریسکیو ٹیم کے قیام پر مبارکباد دی اور پنجاب سروسز اکیڈمی ریسکیو 1122 کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top