پاکستان قائم رہنے کیلئے بنا ہے اور بفضل تعالیٰ قائم رہے گا : ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 11 جون 2010ء

سامراجی طاقتیں اسلام کو بدنام کرنے کیلئے مختلف اقدامات میں مصروف عمل ہے
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل سے ٹیلیفونک گفتگو

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ پاکستان قائم رہنے کیلئے بنا ہے اور بفضل تعالیٰ قائم و دائم رہے گا۔ جو لوگ ملکی سالمیت کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں وہ نہیں رہیں گے۔ نئی نسل کو فکری رہنمائی دنیا اور جذبہ حب الوطنی بیدار رکھنے کے عمل کو جاری رکھنا مذہبی و سیاسی قیادت کے فرائض میں شامل ہے مگر افسوس اس میں شعوری کوتاہی برتی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ رہنمائی دینے والے سیاسی اکھاڑے میں اتر کر داؤ پیچ لڑانے میں مگن ہیں اور ایک دوسرے کو نیچا دکھانا ہی کل سیاست بن چکی۔ ملکی اور عوامی مسائل کو حل کرنا صرف بیان دینے کیلئے ہے عمل اسکے برعکس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس اسلامی ممالک اپنی پالسیوں میں آزاد نہیں اور غیر ملکی سامراجی طاقتوں کے آلہ کار بن کر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے ورکرز کو نصیحت کی کے وہ اپنے کردار کو مثالی بنانے پر محنت کریں، دین مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا حقیقی خادم اور ورکر وہ ہے جو حالات و واقعات اور زمانے کے تغیرات سے متاثر نہ ہو بلکہ ہر طرح کے حالات میں اپنی منزل کی جانب گامزن رہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت آج دہشت گردی کو اسلام کے ساتھ نتھی کر دیاگیا ہے اور سامراجی طاقتیں اسلام کو بدنام کرنے کیلئے مختلف اقدامات میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے ورکرز پر زور دیا کہ وہ امن کے پیامبر کے طور پر اپنا مثالی کردار دنیا کے سامنے رکھیں اور تقوی اور طہارت اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ ویلفیئر کے عمل کو بھی جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ انتشار و افتراق نے مسلمانوں کی یکجہتی میں دراڑیں ڈال دی ہیں۔ قوموں اور گروہوں میں بٹ کر امت کی سوچ دفاعی ہو گئی ہے۔ اہل علم کے اختلافات رحمت ہوتے ہیں مگر جب یہ عوام تک آ پہنچیں اور ان پر بحث شروع ہو جائے تو یہ زحمت بن جاتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اہل علم طبقہ ذمہ دارانہ رویہ اپنائے اور علم پر عمل کرنے کو اپنا شعار بنا لے۔ عمل کرنے سے دوسروں کو احترام دینے کے مثبت رویے جنم لیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top