اہل لاہور یوم ورفعنا لک ذکرک بھی شایان شان طریقے سے منائیں گے : ارشاد طاہر
اہل لاہور بارگاہ مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ایک ارب مرتبہ درود پاک کا نذرانہ پیش کریں گے
تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر ارشاد طاہر کا "یوم ورفعنا لک ذکرک" کی تیاریوں کے
حوالے سے اجلاس سے خطاب
اہل لاہور عظمت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کارواں کی طرح "یوم ورفعنا لک ذکرک" بھی شایان شان طریقے سے منائیں گے۔ گستاخان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملانے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ سرور کونین حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظمت کا ذکر بلند کر کے مسلماں اپنی والہانہ محبت کا اظہار کریں۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر ارشاد طاہر نے یوم "ورفعنا لک ذکرک" کی تیاریوں کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ یوم "ورفعنا لک ذکرک" کا سلسلہ کل جمعۃالمبارک سے شروع ہو کر اگلے جمعۃالمبارک تک رہے گا۔ اہل لاہور بارگاہ مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ایک ارب مرتبہ درود پاک کا نذرانہ پیش کریں گے۔ ایک ہزار مساجد میں "ورفعنا لک ذکرک" کے عنوان سے علماء و خطباء خصوصی خطابات کریں گے اور ایک ہزار محافل عظمت مصطفے کا انعقاد کیا جائے گا۔ شہر کے تمام چھوٹے بڑے بازاروں کو محبت و عظمت مصطفے صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ہزاروں بینرز سے سجایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور عشاق مصطفے صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا شہر ہے ہر فرد نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ناموس و حرمت کے تحفظ کیلئے کم از کم ایک ہزار مرتبہ درود و سلام روزانہ 25 جون تک بارگاہ مصطفوی میں ضرور پیش کرے۔
تبصرہ