ملک میں دولت اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے : فیض الرحمٰن درانی

مورخہ: 18 جون 2010ء

خودکشی کے حالیہ واقعات حکومت کی غریب کُش پالیسی کا نتیجہ ہیں
اجتماعی خودکشیاں ہمارے معاشرے کا کلچر بنتی جا رہی ہیں
پاکستان عوامی تحریک کے صدر کا خود کشی کے حالیہ واقعات پر تبصرہ

خودکشی کے حالیہ واقعات حکومت کی غریب کش پالیسی کا نتیجہ ہیں۔ رکشہ ڈرائیور اکبر کی بیوی بچوں سمیت اجتماعی خود کشی دل دہلا دینے والا پہلا واقعہ نہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے صدر فیض الرحمٰن درانی نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں غربت، افلاس اور بے حسی اس قدر بڑھ چکی ہے کہ ایسے افسوسناک واقعات روز رونما ہونے لگے ہیں جو اس بات کی طرف واضح اشارہ ہے کہ دولت اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حالات اس قدر بگڑ چکے ہیں کہ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے حکومت کو توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ اگر تیزی سے بڑھتی ہوئی غربت اور مایوسی کو ختم کرنے کیلئے کوئی ٹھوس اور فوری اقدامات نہ کئے گئے تو عوام میں بڑھتا ہوا اضطراب اور بے چینی غدر مچا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کے ایسے دلخراش واقعات نے غربت کم کرنے کے حکومتی دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔ حکمران طبقہ اپنی غلط پالیسیوں سے معصوم عوام سے دال کھانے کا حق بھی چھین رہا ہے۔ فیض الرحمٰن درانی نے اجتماعی خودکشی کے اس افسوسناک واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومتی سطح پر فوری اور نتیجہ خیز اقدامات کئے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top