منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے زیراہتمام عظیم الشان محفل نعت

منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے زیراہتمام مورخہ 13 فروری 2010ء بروز ہفتہ پاکستان کلب میں عظیم الشان محفل نعت منعقد ہوئی جس میں قونصلر جنرل آف پاکستان ڈاکٹر احمد بلال مہمان خصوصی تھے۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت قاری خلیل الرحمان چشتی نے حاصل کی جبکہ نقابت کے فرائض حافظ محمد نسیم خان اور حفیظ محمد نے بہت خوبصورت اور دلکش انداز میں سرانجام دئیے۔

مہمان خصوصی قونصلر جنرل آف پاکستان ڈاکٹر احمد بلال نے اپنے خطاب میں منہاج القرآن کے چیف امام حافظ نسیم خان اور دیگر کارکنان کو سرورکونین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ولادت باسعادت کے حوالہ سے محفل نعت کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ میں اس محفل میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے نہیں بلکہ غلام کی حیثیت سے شامل ہوا ہوں کیونکہ خوش قسمتی سے میرے نام میں پہلا نام سرور کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ہے جبکہ دوسرا نام ان کے غلام حضرت بلال رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا ہے اس لیے میں اس محفل میں بطور غلام شریک ہونے پر فخر محسوس کرتا ہوں۔ محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مومن کی میراث اور سرمایہ حیات ہے، اس طرح کی محفل نعت عصر حاضر میں فروغ محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔

محفل نعت میں ننھے ثناخواں محمد وقاص قمر، علی حیدر، جنید احمد، خواجہ حسن، فرحان، ارشد محمود، بشارت حسین، محمد بلال، حافظ سید تنویر حسین شاہ، محمد بلال سیالوی، افتخار احمد، عبدالمجید، محمد یوسف، منور عظیم قادری، قاری قدرت اللہ سلطانی اور دیگر نے بارگاہ رسالت مین عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔

پروگرام کے اختتام پر مفتی محمد ارشد نے سیرت البنی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے منفرد انداز میں بیان کر کے ہال میں موجود تمام اہل ایمان کے دلوں کو خوب گرمایا، محفل نعت میں ہانگ کانگ کے کونے کونے سے عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شدید سردی اور بارش کی پرواہ نہ کرتے ہوئے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ محفل کے آخر میں قرعہ اندازی کی گئی جس میں ظفر اقبال کی عمرہ کی ٹکٹ نکلی۔ محفل کا اختتام محمد رمضان سیالوی کی پر سوز دعا اور درود و سلام سے ہوا۔

پروگرام کے اختتام پر تمام شرکاء محفل کو پر تکلف و لذیذ کھانا دیا گیاجس کا اہتمام ڈائریکٹر کشمیر ٹرانسپورٹ ہانگ کانگ چوہدری شبیر حسین اور ڈائریکٹر نجیب ٹرانسپورٹ ہانگ کانگ چوہدری محمد نجیب نے کیا تھا۔

رپورٹ : ڈاکٹر ابو اسامہ

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top