آج امت مسلمہ اور پوری انسانیت کو محبت، احترم اور برداشت کے کلچر کی ضرورت ہے : صاحبزادہ حسین محی الدین القادری

مورخہ: 22 جون 2010ء

حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری انسانیت کے لیے رحمت ہیں انکے دیئے ہوئے اصولوں پر عمل کر کے ہی
انسانیت امان حاصل کرسکتی ہے : فیض الرحمن درانی
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام سیمینار بعنوان ’’عالمی قیام امن، سیرت الرسول (ص) کی روشنی میں‘‘
سے مقررین کا اظہار خیال

مصطفوی سٹوڈنٹس کے زیراہتمام سیمینار بعنوان ’’عالمی قیام امن، سیرت الرسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روشنی میں‘‘ مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن ماڈل ٹاؤن کے دانش ہال میں ہوا جسکی صدارت مرکزی امیر تحریک فیض الرحمن درانی نے کی۔ صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے سیمینار سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ظاہری حیات میں ان کی صحبت میں بیٹھنے والا یہودی بھی رحمت سے محروم نہیں رہا تھا۔ آج آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق محبت کی مضبوطی اور ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر زندگی کے ہر شعبے کے لیے رحمت، برکت حاصل کرنا ہوگی تا کہ پوری دنیا امن و سلامتی کا گہوارہ بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمت کا فیض ہے کہ کائنات کا وجود قائم ہے۔ تحریک منہاج القرآن آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمت حاصل کرنے کا شعور بیدار کر رہی ہے۔ آج امت مسلمہ اور پوری انسانیت کو محبت، احترام اور برداشت کے کلچر کی ضرورت ہے۔ یہ مثبت رویے عام ہونگے تو دائمی امن و سلامتی حاصل ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات میں فنا ہو جاتا ہے وہ پیکر رحمت بن جاتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اپنی زندگیوں کو آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت سے آراستہ کریں تاکہ امت مسلمہ کی کھوئی ہوئی عظمت لوٹ آئے اور پوری دنیا امن کا گہوارہ بن جائے۔ فیض الرحمن درانی نے کہا کہ معلم انسانیت آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق قائم کرنے کا بہترین ذریعہ ان پر درود و سلام بھیجنا ہے۔ درود شریف کی اثر انگیزی یہ ہے کہ یہ فتنہ و فساد کا خاتمہ کر کے امن و سلامت عطا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اخلاق، معاملات اور سلوک کو اپنے لیے مشعل راہ بنائیں تو امت کی عظمت رفتہ بحال ہوگی۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری انسانیت کے لیے رحمت ہیں انکے دیئے ہوئے اصولوں پر عمل کر کے ہی انسانیت امان حاصل کر سکتی ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل مصطفوی سٹوڈنٹس ساجد گوندل نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق غلامی کے ٹوٹنے اور کمزور ہونے کے سبب امت زوال کا شکار ہے۔ مسلمان جن کی پیروی کر رہے ہیں ان کے انسانی حقوق کے فلسفے میں مسلمان انسان ہی نہیں ہیں۔ تحریک منہاج القرآن امت کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق مضبوط کرنے کے لیے راغب کر رہی ہے تاکہ مسلمانوں کی زندگیوں کا سکون اور خوشیاں لوٹ سکیں۔ اس موقع پر لاہور کے مختلف کالجز اور یونیورسٹی کے طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top